سینیٹ ، نئی حج پالیسی فریقین کی مشاورت سے مرتب کی جائے گی ، حکومت

سینیٹ ، نئی حج پالیسی فریقین کی مشاورت سے مرتب کی جائے گی ، حکومت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد (آئی این پی)سینیٹ کو حکومت کی جانب سے وقفہ سوالات میں آگاہ کیا گیا ہے کہ مارچ 2013سے 2015تک نیب نے کرپشن کے حوالے سے ملک بھر میں 1228مقدمات درج کئے، وفاقی دارالحکومت اور پنجاب میں 638، سندھ میں 261، خیبرپختونخوا میں 188اور بلوچستان میں 141مقدمات درج کئے گئے، جن سے نیب نے 5ہزار 720ملین روپے سے زائد رقم ریکور کی، نئی حج پالیسی پر کام جاری ہے، تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نئی حج پالیسی مرتب کی جائے گی۔ گزشتہ سال حج آپریشن میں پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے خلاف 172شکایات درج کی گئیں، جن میں سے 162کو سعودی عرب میں ہی حل کر دیا گیا جبکہ 10شکایات کو وزارت کی کمیٹی کے سپرد کیا گیا۔61لاکھ سے زائد رقم 30ٹور آپریٹرز کی جانب سے 270حجاج کرام کو واپس کئے گئے، 4791.9میگاواٹ بجلی کے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس لگائے جا رہے ہیں،جن میں سے 2485میگا واٹ کے 3 منصوبے 2017 تک مکمل ہو جائیں گے۔گزشتہ روزسینیٹ میں اراکین کے سوالوں کے جواب وفاقی وزیر اطلا عات و نشریات سینیٹر پرویز رشید ،سردار محمد یوسف،شاہد خاقان عباسی اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے دئیے۔قبل ازیں سینیٹر نثار محمد کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ مارچ 2013سے 2015تک نیب نے کرپشن کے حوالے سے ملک بھر میں 1228مقدمات درج کئے، جن میں وفاقی دارالحکومت اور پنجاب میں 638، سندھ میں 261، خیبرپختونخوا میں 188اور بلوچستان میں 141مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ درج مقدمات میں سے5ہزار 720ملین روپے ریکور کئے،جس میں سے نیب کو 718ملین روپے دیئے گئے،نیب کو دی جانے والی رقم میں سے 80فیصد رقم ادارہ دفتری معاملات چلانے اور 20فیصد رقم ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے گزشتہ سال اپنی رپورٹ میں اعتراف کیا کہ پاکستان میں کرپشن کم ہو رہی ہے، امید ہے کہ آئندہ رپورٹ میں ادارہ پاکستان میں مزید کرپشن کم ہونے کی نشاندہی کرے گا۔ سینیٹر نثار محمد کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ نندی پور پاور پراجیکٹ کی کل لاگت 58ارب روپے ہے، منصوبے کی ابتدائی لاگت 22ارب روپے تھی، جو تاخیر کی وجہ سے زیادہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور منصوبے سے اب تک 901ملین کلو واٹ بجلی حاصل کی جا چکی ہے، حکومت نے اس مردہ منصوبے پر کام کیا، جس کی وجہ سے وہ آج بجلی پیداکر رہا ہے۔ سینیٹر اعظم خان سواتی کے سوال کے جواب میں وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں کل 460ملازمین کی گنجائش ہے،اس وقت 446ملازمین کام کر رہے ہیں، گریڈ10کی آسامیوں کیلئے اخبارات میں اشتہارات دے دیئے ہیں، بہت جلد ان پر ملازمین بھرتی کر لئے جائیں گے۔ سینیٹر محمد طلحہ محمود کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہاکہ حج 2015کے دوران مدینہ منورہ میں ہوٹل مختار انٹرنیشنل جبکہ مکہ مکرمہ میں ہوٹل ٹاور میں حجاج کرام کی رہائش کیلئے کمرے کرائے پر لئے، مدینہ منورہ میں 3راتوں کے قیام کیلئے فی حاجی 1250سعودی ریال وصول کئے گئے جبکہ 5ذی الحجہ سے 13ذی الحجہ تک فی حاجی 7875سعودی ریال وصول کئے گئے۔ سینیٹر محمد طلحہ محمود کے سوال کے جواب میں سردار محمد یوسف نے کہا کہ نئی حج پالیسی پر کام جاری ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نئی حج پالیسی مرتب کی جائے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ گزشتہ سال حج آپریشن میں پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے خلاف 172شکایات درج کی گئیں، مانیٹرنگ ٹیم کے ذریعے مشاہدہ کیا گیا کہ ٹور آپریٹرز نے حجاج کرام کو طے شدہ سہولیات فراہم نہیں کی گئیں،جس کے نتیجے میں 61لاکھ 64ہزار روپے 30ٹور آپریٹرز کی جانب سے 270حجاج کرام کو واپس کئے گئے، 172شکایات میں سے 162کو سعودی عرب میں ہی حل کر دیا گیا جبکہ 10شکایات کو وزارت کی کمیٹی کے سپرد کیا گیا۔سینیٹر کرنل(ر) سید طاہر حسین مشہدی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 4791.9میگاواٹ بجلی رن آف دی ریور ہائیڈرو پاور پراجیکٹس بنائے جا رہے ہیں،جن میں سے 2485میگا واٹ کے 3 منصوبے 2017 تک مکمل ہو جائیں گے جبکہ 2020اور ایک 2021میں مکمل ہو گا۔سینیٹر سسی پلیجو کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پنجاب میں 3120، خیبرپتخونخوا میں 234، سندھ میں 4100اور بلوچستان میں 60صنعتی یونٹس کو گیس فراہم کی جا رہی ہیں۔