دہشت گردوں کا عزائم کو طاقت اور فیصلہ کن کارروائی کے ساتھ شکست دی جائے ، بلاول
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں کالعدم تنظیم کیخلاف کریک ڈاؤن پر انتہائی حیرانگی کا اظہار کیاہے جسے دس سال قبل کالعدم قرار دے دیا گیاتھا۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے جانب سے بیان جاری کیا گیا جس میں بلاول بھٹو زرداری نے انتہائی حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس جماعت کو دس سال قبل کالعدم قرار دیا جا چکاہے اس کے دفاتر آج بھی پکڑے اور بند کیے جار ہے ہیں۔ پیپلز پارٹی چاہتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے دہشتگردوں کے سیاسی عزائم کو طاقت اور فیصلہ کن کارروائی کے ساتھ شکست دی جائے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی زیر صدارت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماوں اور وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں کشمیریوں کا کلیدی کردار ہے ،پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے جس کے باعث خطے میں امن آئے گا۔ ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت سے مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں لیکن اس کیلئے ملک کی عزت کو داو پر نہ لگا یا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی جغرافیائی حدود کو تبدیل کرنے سے باز رہے ایسا کیا گیا تو یہ دشمن کو خوش کرنے کے مترادف ہوگا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کی جغرافیائی حدود کو تبدیل کرنے کے بارے میں وفاقی حکومت کی کوششوں کی مذمت کی گئی اور حکومت کے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔