کراچی ،پولیو مہم کے تیسرے روزرینجرزنے سیکورٹی کے فرائض انجام دیئے
کراچی(کرائم رپورٹر)کوئٹہ میں گذشتہ روز پولیو مرکز کے قریب بم دھماکے کے بعد جمعرات کو کراچی میں پولیو مہم کے تیسرے روز سیکورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیئے گئے تھے۔ پولیس کے ساتھ رینجرز کے بھی2500 اہلکار تعینات کیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق کسی خدشے کے پیش نظر سیکورٹی کے انتظامات پاکستان رینجرزسندھ نے سنبھال لیئے۔سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ سندھ رینجرز نے بھی حفاظتی انتظامات سنبھال لئے ہیں۔ترجمان کے مطابق جمعرات کو مہم کے تیسرے روزپولیس کے علاوہ سندھ رینجرز کے بھی2500اہلکاروں نے پولیو ورکز کی سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ ترجمان کے مطابق رینجرز کی 170 موبائل وین اور 125 موٹر سائیکلوں پر سوار اہلکاروں نے خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شرپسند عناصر پر نظر رکھیں اور کسی بھی گڑ بڑ کی صورت میں رینجرز کی ہیلپ لائن 1101 پر کال یا ایس ایم ایس کریں۔