وعدے کے مطابق کراچی کے شہریوں کے مسائل حل کریں گے ، وسیم اختر

وعدے کے مطابق کراچی کے شہریوں کے مسائل حل کریں گے ، وسیم اختر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے نامزد میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر قائد کے باسیوں سے وعدہ کرتے ہیں کہ ان کے مسائل حل کریں گے جس کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ کراچی کے ضلع شرقی سے کامیاب ہونے والے چئیرمین اورایم کیو ایم کے نامزد مئیر کراچی وسیم اخترنے حلف برداری کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں اوروعدہ کرتا ہوں کہ شہرقائد کے باسیوں کے تمام مسائل کو حل کریں گے لیکن ابھی تک منتخب نمائندوں کو اختیارات نہیں دیئے گئے، ہم اختیارات کے لیے کراچی کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر جدو جہد کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کے لیے سیاسی وابستگی سے بالا ترہوکرسوچنا پڑے گا،کراچی کی دیگر جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا اور ہم سب کو ساتھ ہی لیکرچلیں گے۔ نامزد میئر کراچی کا کہنا تھا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو عوامی مسائل کے حل کیلیے مل کر چلنے کی پیش کش کرتا ہوں اور اپیل کرتا ہوں کہ عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کو مکمل اختیارات جلد دیئے جائیں، مجھے امید ہے کہ تمام سیاسی رہنما اس مشن میں ہمارا ساتھ دیں گے۔

مزید : کراچی صفحہ اول