مشتاق غنی کے زیر صدارت خیبر پختونخوا اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس

مشتاق غنی کے زیر صدارت خیبر پختونخوا اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس

پشاور( پاکستان نیوز)خیبرپختونخوا اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے اعلیٰ تعلیم کاایک اجلاس جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات واعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی کے زیر صدارت صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ پشاور کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی محترمہ عظمٰی خان، محترمہ راشدہ رفعت،محترمہ عائشہ نعیم،محترمہ معراج ہمایون،محترمہ نگہت اورکزئی کے علاوہ وائس چانسلر پشاوریونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر ایم رسول جان اورمحکمہ اعلیٰ تعلیم ودیگرمحکموں کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے اراکین نے یونیورسٹیوں میں جنسی تشدد اور طالبات کوہراساں کرنے کے واقعات کی روک تھام کے لئے لائحہ عمل طے کرنے کے علاوہ دیگر تجاویز پر غوروخوص کیا۔اجلاس میں اٹھارویں ترمیم کے بعد گورنراور صوبوں کو ملنے والے اختیارات اورجنسی تشدد کے حوالے سے اب تک بنائے گئے مختلف قوانین کو بھی زیر بحث لایاگیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی نے طالبات کو ہراسا ں کرنے اورجنسی تشدد کے رونما ہونے والے واقعات اور اس کے خلاف کیے گئے اقدامات سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ جنسی تشدد کے واقعات کو بے نقاب کرنے کے لئے خصوصی طورپرپشاوریونیورسٹی اور صوبے دیگر یونیورسٹیوں اور ضروری مقامات پر حساس کیمروں کی تنصیب اورکالے شیشوں کی بجائے سفید شیشے نصب کرنے پر اتفاق بھی کیاگیا ۔کمیٹی نے جنسی تشدد کے روک تھام کے لئے موثر اقدامات پر زور دیا اوروائس چانسلر پشاور یونیورسٹی کو ہدایت کی کہ وہ مبینہ طورپر جنسی تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف انکوائری رپورٹ جلد از جلد سنڈیکیٹ کے سامنے پیش کریں۔

مزید : پشاورصفحہ اول


loading...