سرکاری سکولوں کے معیار اور تعلیم کی بہتری اولین ترجیح ہے :محمد عاطف خان
مردان( بیو رورپورٹ)صوبائی وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم محمد عا طف خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اساتذہ کو تدریس کے جدید تکنیک سے آگا ہی کے لیے ان کی تربیت کے ساتھ ساتھ ان کو یو ایس ایڈ کے تعاون سے کمپیوٹرز اور ٹیبلٹ بھی فراہم کیے جارہے ہیں ۔وہ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بغدادہ میں یو ایس ایڈ کے پاکستان ریڈنگ پراجیکٹ کے تعاون سے اساتذہ ،سپروائزرز اور منٹرز میں ٹیبلٹس تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب سے پاکستان ریڈنگ پراجیکٹ کی چیف آف پارٹی باربرا ٹوئے ویلش نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے مرد اور خواتین اساتذہ میں ٹیبلٹ تقسیم کیے۔اس موقع پر تحصیل ناظم حاجی ایوب خان ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سراج محمد ، ڈی ای او زنا نہ ثمینہ غنی ، سکول کے پرنسپل عبدالحق، پی ٹی آئی کے رہنما فیصل سلیم اور دیگر بھی موجود تھے ۔پاکستان ریڈنگ پراجیکٹ کی چیف آف پارٹی نے بتایا کہ ان کا پراجیکٹ خصوصی طور پر تیار کیے گئے 23,800 ٹیبلٹس تقسیم کرے گا جن میں اسباق کا مکمل پلان، تدریس کے ماڈیولز، ٹیوٹوریل ویڈیوز، ای بکس فلیش کارڈز، ورک بکس کے ،لرننگ ایڈز کا اہم ذخیرہ ہوگاجو تدریس میں اساتذہ کا مددگار ثابت ہوگا اس حوالے سے انٹل کے تعاون سے اساتذہ کی تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے۔اپنے خطاب میں محمد عاطف خان نے کہا کہ اساتذہ کی خالص میرٹ کی بنیا د پر بھرتی کے بعد ان کی تربیت کا بھی خصوصی انتظام کیا گیاہے کیونکہ ایک تربیت یافتہ استاد ہی طلبہ وطالبات کی تعلیم تربیت صحیح انداز میں کرسکتا ہے ، اُنہوں نے کہا کہ تدریس کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے کافی پیش رفت ہوچکی ہے اور مائکروسافٹ کے تعاون سے صوبے میں 500 آئی ٹی اکیڈمیز بنائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ملک کی تاریخ میں پہلی بار صوبے کے بجٹ کا 28 فی صد تعلیم کے شعبے پر خرچ کیا جارہا ہے کیونکہ ہمارا پختہ یقین ہے کہ تعلیم کے بغیر پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ممکن نہیں اور تعلیم ہی کے ذریعے قومیں بنتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ والدین اساتذہ کونسلوں کو سکولوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لیے 10 ارب فراہم کیے گئے ہیں اور تین سے چار ارب روپے مزید بھی دیں گے اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی سی فنڈز کی بہتر انداز میں مانیٹرنگ کی جائے گی اور غریب بچوں کے اس فنڈ میں ہیرا پھیری کرنے والوں کو نشانہ عبرت بنایا جائے گا ۔اُنہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ اس جدید آلات کو طلبہ کی بہتر تعلیم وتربیت کے لیے کام میں لائیں ۔