دہشتگردی اور کرپشن نے ہمارے ملک کو بہت نقصان پہنچایا :صدر ممنون حسین

دہشتگردی اور کرپشن نے ہمارے ملک کو بہت نقصان پہنچایا :صدر ممنون حسین

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور کرپشن نے ہمارے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے جس کی وجہ سے معاشرہ بے چینی اور ہیجان کا شکار ہوا ہے لیکن اگر ہم نئی نسل کی دینی و ملی اقدار کے مطابق اچھی تربیت کرنے میں کامیاب ہو جائیں تو ان مسائل پر آسانی سے قابوپایا جاسکتاہے۔صدرمملکت نے یہ بات ایوان صدر میں قا ئد اعظم کے یوم ولادت کے سلسلے میں ہونے والی تقریب میں انجمن فیض الاسلام، راولپنڈی میں زیر تعلیم یتیم اور بے سہارا بچوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔واضح رہے کہ یہ انجمن قائد اعظم کی ہدایت پرقائم کی گئی تھی۔صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ان دنوں جن حالات کا شکار ہے اس کی وجہ علم اور دینی و ملی اقدار سے دوری ہے۔انجمن فیض الاسلام اور اس جیسے دیگر ادارے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جس موجودہ مسائل بھی حل ہو سکتے ہیں اور مستقبل میں بھی ایسے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ تہذیبی اقدار سے دوری اور روحانی تربیت میں کمی کی وجہ سے معاشرے میں بدعنوانی فروغ پاگئی جس سے قومی وسائل کا ضیاع بھی ہوا اور معاشرے میں ہیجان بھی برپا ہوا۔انھوں نے کہا کہ معاشرتی برائیوں کے خلاف ایک بھرپور تحریک چلانے کی ضرورت ہے اور نوجوان اس سلسلے میں ایک کردار ادار کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ تعلیم انسانیت کا زیور ہے جس سے قومیں ترقی کرتی ہیں اور عروج حاصل کرتی ہیں اس لیے پاکستان کی نئی نسل تعلیم کے حصول کے لئے محنت کریں اور اپنے بزرگوں کی شخصیت اور ان کے افکار کو سمجھنے کی کوشش کریں۔اس موقع پر انجمن فیض السلام کے صدر میاں محمد صدیق اکبر اور قائد اعظم یونیورسٹی میں قائد اعظم چیئرمین کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمدکے علاوہ انجمن فیض الاسلام میں زیر تعلیم بچوں اقصی وحید، عروسہ اور دیگر بچوں نے بھی قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقاریر، ترانے اور ٹیبلوپیش کیے۔صدرمملکت اس موقع پر بچوں میں گھل مل گئے اور ان سے پیار کیا۔

مزید : ملتان صفحہ اول