پارلیمنٹ ہاؤس میں محفل میلادؐ کا انعقاد،خواتین وزراء،اراکین پارلیمنٹ کی شرکت

پارلیمنٹ ہاؤس میں محفل میلادؐ کا انعقاد،خواتین وزراء،اراکین پارلیمنٹ کی ...

اسلام آباد،(سٹاف رپورٹر) نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیﷺ کی خدمت میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لئے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام سپیکر قومی اسمبلی کی اہلیہ بیگم ریما ایاز صادق کی جانب سے کیا گیا تھا۔ خاتون اول بیگم کلثوم نواز تقریب کی مہمان خصوصی تھیں جبکہ خواتین وزراء و اراکین پارلیمان،ممتاز شخصیات کی بیگمات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ نامور خواتین نے تقریب میں شرکت کی۔پْروقار تقریب میں تلاوت قرآن پاک اور حمدو ثناء باری تعالیٰ پڑھنے کے بعد نعت رسول مقبولﷺ پیش کی گئی جس میں رحمت دو جہاں ﷺکی خدمت میں محبت و عقیدت کے پھول نچھاور کئے گئے اوردرود و سلام کانذرانہ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر آپﷺ کی ذات پاک اور حیات مبارکہ کے روشن پہلوؤں اور ان کی انسانیت کے فلاح اور رہنمائی کے لئے دی گئی تعلیمات اور خطبات پر روشنی ڈالی گئی۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اس پْر نور اور بابرکت محفل میلاد مصطفی میں شرکاء نے آنحضرت ﷺ کے اسوہ حسنہ کو فلاح و راہ نجات قرار دیتے ہوئے اس پر عمل کرنے کی سعادت حاصل کرنے کی دعا کی۔مقررین نے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محسن انسانیت ﷺکی تعلیمات اور اسوہ حسنہ انسانی حقوق کا ایک مکمل چارٹر ہے جس پر عمل کر کے عالمی امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔مقررین نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی شفاعت کا حصول ہر کلمہ گو کی زندگی کا مقصد ہے اور یہی وجہ ہے کہ عشق مصطفی ہمارے ایمان کا لازمی جز ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی اطاعت و فرمانبرداری دنیا و آخرت میں فلاح و کامیابی کی ضامن ہے۔درود و سلام سے سجی اس بابرکت محفل کے اختتام پر وطن عزیز کی ترقی و سلامتی اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل سے نجات حاصل کرنے کے لئے دعائیں کی گئیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر