بہاولنگر میں پولیس مقابلہ دو بھائیوں سمیت4 خطر ناک ڈاکو ہلاک
بہاولنگر(راؤ دلشاد احمد نوید)بین الصوبائی اُجرتی قاتل ، دو بھائیوں سمیت چارخطرناک ڈاکو پولیس مقابلہ میں ہلاک،ملزمان صوبہ بھر میں درجنوں قتل ، ڈکیتی ، اغواء برائے تاوان جیسی سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تھانہ ڈونگہ بونگہ کی پولیس کو اطلاع ملی کہ خطرناک ڈاکو عبد الرزاق عرف رزاقی چھینا اور اُسکا بھائی عباس چھینا ، فیاض عرف فیاضی کوریا اور امتیاز عرف امتیازی جھنڈے کا موضع روڈا سنگھ میں واردات کی نیت سے آ رہے ہیں جس پر پولیس نے فوری طور پر ناکہ بندی کر دی۔ ڈاکوؤں کے آنے پر پولیس نے روکنے کی کوشش کی تو خطرناک ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ کافی دیر پولیس مقابلہ کے بعد جوابی فائرنگ میں چاروں ڈاکو ڈھیر ہو گئے۔ دو دن قبل ملزمان نے بستی روم والی میں دشمنوں سے اُجرت لیکر اصغر علی بلوچ اور اُسکی بہن نجمہ بی بی کو گھر میں گھس کر موت کے گھاٹ اُتار دیا تھا اور چار روز قبل 226مراد کے رہائشی مزمل رسول کو دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے موقع پر ہی ہلاک کر دیا تھا اور موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے تھے۔ملزمان عرصہ دراز سے ضلع بہاولنگر میں سنگین وارداتیں کر کے پولیس کو چکمہ دیکر نکل جا تے تھے ۔ خطرناک ڈاکوؤں کی موت کی خبر جنگل میں آگ کیطرح پھیل گئی اور ضلع بھر میں جشن کا سماں ہے۔ عوامی، سماجی، شہری حلقوں نے ان ناسوروں کی موت پر ڈی پی او بہاولنگر اور اُنکی ٹیم کوزبر دست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ڈاکوہلاک