کراچی میں میئر کو مکمل اختیارا ت ملنے چاہئیں،علی زیدی

کراچی میں میئر کو مکمل اختیارا ت ملنے چاہئیں،علی زیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے آرگنائزر علی زیدی نے تحریک انصاف کی جانب سے بلدیاتی الیکشن میں کامیاب ہونے والے چیئر مین ،وائس چیئر مین اور کونسلرز کو حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جہاں جہاں تحریک انصاف کے امیدوار منتخب ہوئے ہیں ہم انشاء اللہ اپنی پوری محنت ، لگن اور ایمانداری سے کام کر کے ان علاقوں کو ہم کراچی کے ماڈل یونین کونسل بنائیں گے ۔ یہ باتیں انہوں گزشتہ روز پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ نرسری میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی ،سیکریٹری اطلاعات دوا خان صابر، اسرار عباسی ،ڈاکٹرسنجے، ریاض حیدر، عابد جیلانی ،بلال غفار، فاروق بنگش، صائمہ ندیم اور دیگر بھی موجود تھے۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے میئر کے اختیارات کے معاملے پرتحریک انصاف اپنے موقف پر قائم ہے کہ کراچی میں میئر کو پورے اختیارا ت ملنے چاہئے ۔ کیونکہ جب تک میئر با اختیار نہیں ہوگا شہر ترقی نہیں کر سکتا۔خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کو بااختیار کر کے مثال قائم کی ہے اسی طرح کراچی کے میئر کو بھی پورے اختیارات دئے جائیں تاکہ یہ شہر دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے تاکہ جو بھی منتخب ہوکر آئے وہ پوری محنت اور ایمانداری سے کراچی کے شہریوں کی خدمت کر سکے۔ ایک سوال کے جواب میں علی زیدی نے کہا کہ اختیارات ضرور ہونے چاہئے لیکن چیک اینڈ بیلنس بھی ہونا چاہئے تاکہ ماضی کی طرح چائنا کٹنگ میں ملوث نہ ہو۔علی زیدی نے مزید کہا سندھ حکومت نے 8سال سے بلدیاتی نظام اپنے ہاتھ میں رکھ کر شہر کو کباڑ خانہ بنا دیا ہے ۔کراچی میں سیوریج کا نظام درہم برہم اور جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر نظر آرہے ہیں جو سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔علی زیدی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کے طرف جا رہی ہے اور اسی سلسلے میں پورے پاکستان میں تحریک انصاف کے تمام عہدے 15جنوری سے تحلیل ہو جائیں گے۔لہذا میں تحریک انصاف کراچی ریجن کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نےNA246،کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن اور بلدیاتی انتخابات2015میں دن رات محنت کر کے پارٹی کے نظریہ اور چیئرمین عمران خان کے پیغام کو گلی گلی گھرگھر پہنچانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا۔ تحریک انصاف کراچی کے تمام لوگوں کی محنت کے بدولت تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات میں 93فیصد نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کئے اور ان تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں جن کی محنت کی بدولت آج تحریک انصاف کی تنظیم وارڈ کی سطح پر موجود ہے۔انٹرا پارٹی الیکشن کے بعد جو بھی الیکشن جیت کر آئے گا اس سے امید ہے کہ وہ پارٹی کے تنظیم کو مزید مضبوط اور فعال کریں گے۔