جیت ٹیم کی محنت کا نتیجہ، حفیظ نے بیٹنگ، محمد عامر اور عمر گل نے اچھی باﺅلنگ کی: شاہد آفریدی

جیت ٹیم کی محنت کا نتیجہ، حفیظ نے بیٹنگ، محمد عامر اور عمر گل نے اچھی باﺅلنگ ...
جیت ٹیم کی محنت کا نتیجہ، حفیظ نے بیٹنگ، محمد عامر اور عمر گل نے اچھی باﺅلنگ کی: شاہد آفریدی

  

آکلینڈ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ میچ میں فتح پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے، محمد حفیظ نے اچھی اننگز کھیلی اور فاسٹ باﺅلرز نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق میچ کے بعد ایوارڈ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی نے کہا کہ میچ میں فتح پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے، محمد حفیظ نے بہترین اننگز کھیل کر جیت کی بنیاد رکھی تو فاسٹ باﺅلرز نے زبردست کارکردگی دکھا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 170 ایک اچھا ہدف تھا اور ہم پرامید تھے کیونکہ ہماری باﺅلنگ لائن اس ہدف کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ بہترین ٹیم ہے جس نے حال ہی میں سری لنکا کے خلاف بہترین میچ کھیلے اور یہ ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے۔ سیریز کے دوسرے میچ میں نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ عمر گل اور محمد عامر نے اچھی باﺅلنگ کی اور وہاب ریاض نے بھی زبردست باﺅلنگ کرائی، جیت کا کریڈٹ فاسٹ باﺅلرز کو دوں گا۔ ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ اس سیریز کا ہر میچ اہم ہے کیونکہ ٹی 20 ورلڈکپ آ رہا ہے اور ہم ہر میچ جیت کر اعتماد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

شاہد خان آفریدی اپنی بہترین پرفارمنس دینے اور میچ جیتنے پر انتہائی خوشگوار موڈ میں دکھائی دیئے اور جب انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا جانے لگا تو اس وقت ان کی باﺅلنگ اور بیٹنگ کا ذکر کیا گیا جس پر شاہد خان آفریدی نے فوراً لقمہ دیا کہ انہوں نے 3 کیچ بھی پکڑے ہیں۔

مزید : کھیل