انوکھا ترین واقعہ! 50 کلومیٹر سڑک چوری ہوگئی

انوکھا ترین واقعہ! 50 کلومیٹر سڑک چوری ہوگئی
انوکھا ترین واقعہ! 50 کلومیٹر سڑک چوری ہوگئی

  

ماسکو (نیوز ڈیسک) مختلف قسم کے چور اپنے ذوق اور حیثیت کے مطابق مختلف قسم کی اشیاءچراتے ہیں، کوئی مال مویشی چراتا ہے تو کوئی گاڑی چراتا ہے، لیکن روس میں ایک انوکھے چور نے اربوں روپے مالیت کی سڑک ہی چرالی۔

چوری کا یہ ناقابل یقین واقعہ روس کے انتہائی شمال میں واقع علاقے کومی میں پیش آیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق شمالی کومی کے علاقے میں 50 کلومیٹر لمبی سڑک پر اسرار طور پر صفحہ ہستی سے غائب ہوگئی۔ اس سڑک کو وقفے وقفے سے چرایا جاتا رہا اوربالآخر 50کلومیٹر پر مشتمل تمام سڑک ہی غائب کردی گئی۔ اس طویل سڑک کو کنکریٹ کی ہزاروں سلیبوں سے بنایا گیا تھا جنہیں اکھاڑ کر بیچ ڈالا گیا۔

مزید جانئے: دنیا کا وہ شہر جہاں صرف ایک آدمی رہتا ہے لیکن پھر بھی تمام تر سہولیات موجود ہیں

معاملے کی تحقیقات کی گئیں تو پتہ چلا کہ یہ کارنامہ روس کے محکمہ جیل خانہ جات کے نائب سربراہ نے سرانجام دیا تھا۔ الیگزینڈ پروٹوپوپوف نامی اس افسر نے دور دراز سڑک کو چرانے کا منصوبہ بنایا اور پھر بھاری مشینری منگوا کر اس کی سلیبیں اکھاڑنے کا کام شروع کردیا۔ ایک سال کے دوران اس نے 50 کلومیٹر پر مشتمل سڑک کی تمام سلیبیں اکھاڑ کر بیچ ڈالیں۔

حیران کن چوری کی تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ الیگزینڈر محکمہ جیل خانہ جات میں بڑی اچھی شہرت رکھتا تھا اور قیدیوں میں روحانی اتحاد کو فروغ دینے پر اسے خصوصی میڈل سے بھی نوازا جاچکا تھا۔ روسی حکومت نے سڑک چور افسر کو گرفتار کرنے کے بعد اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق اسے بھاری جرمانے کے علاوہ 10 سال قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس