جہیز ایک لعنت یا سٹیٹس سمبل

جہیز ایک لعنت یا سٹیٹس سمبل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مکرمی! موجودہ ترقی یافتہ دور میں جہیز جیسی لعنت بیٹیوں کے والدین کے لئے بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ دیکھا جائے تو ہندو سماج سے بہت ساری خرافات ہمارے مسلم معاشرے کا حصہ بن چکی ہیں، ویسے ہی جہیز کی لعنت بھی ہمارے سماج کا اٹوٹ انگ بن گئی ہے۔ بیٹیاں تو اللہ کی طرف سے ایک رحمت ہیں، مگر اس غلط رسم کی وجہ سے یہ زحمت سمجھی جانے لگی ہیں۔ یہاں تک کہ بیٹی پیدا ہوتے ہی ان کے والدین کو جو پہلا جھٹکا لگتا ہے وہ ظالم جہیز ہی ہے۔

اس کے برعکس امیر لوگوں کے لئے یہ لعنت ایک نمائشی علامت ہے، اگر ہم آج بھی غرباء کے گھروں میں نظر ڈالیں تو معلوم ہوگا کہ ان کی بیٹیوں کے ہاتھ جہیز کی عدم موجودگی اور ناکافی وسائل کے باعث پیلے نہیں ہو سکے، ان کا قصور صرف اتنا تھا کہ انہوں نے ایک غریب خاندان میں آنکھ کھولی تھی۔ قدرت کا دیا تو سب کچھ تھا، اچھی صورت، سیرت بھی تھی لیکن نہیں تھی تو دولت نہیں تھی، جو ان کے سپنوں کی راہ میں رکاوٹ بن کر کھڑی ہے۔ لیکن امیروں کے ہاں اس سے معاملہ الٹ ہے، ان کی بیٹیوں کے اندر سو خامیاں ہونے کے باوجود دولت ان کا پردہ بنی ہوئی ہے۔ آج کل تو بس ایک دوڑ لگی ہوئی ہے، ہر امیر دوسرے سے بازی لے جانے کی فکر میں لگا ہے اور ایسے میں یہ غریب ہے جو گیہوں کی طرح پسا جا رہا ہے۔ اس لئے ہماری نہایت عاجزی کے ساتھ حکومت سے اپیل ہے کہ وہ اس لعنت کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کرے ۔ (ہنزا حامد،لاہور)

مزید :

رائے -اداریہ -