صفدر علی چودھری کا انتقال پُرملال
جماعت اسلامی کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات صفدر علی چودھری طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے۔ اُن کی نماز جنازہ منصورہ میں ادا کرکے میت محافظ ٹاؤن کے قبرستان میں سپردخاک کی گئی۔ اُن کی نماز جنازہ جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما حافظ محمد ادریس نے پڑھائی۔ مرحوم صفدر علی چودھری نے مولانا ابوالاعلیٰ مودودی کے دورِ امارت میں جماعت کے شعبہ نشر و اشاعت سے وابستہ ہو کر خدمات کا آغاز کیا تھا۔ وہ اپنی ملنساری اور خوش مزاجی کی وجہ سے صحافی برادری میں بہت مقبول ہوئے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد صفدر چودھری نے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دیں۔ شوگر کے موذی مرض کی وجہ سے اُنہوں نے اپنی سرگرمیاں محدود کر دیں۔ وہ مسلسل کئی سال تک ہسپتال میں زیر علاج رہے۔ جماعت اسلامی کے لئے اُن کی دیرینہ اور بے لوث خدمات کا اعتراف کیا جاتا رہا۔ اُنہوں نے بیماری کا غلبہ ہونے تک جماعت کے لئے خود کو وقف رکھا۔ صحافیوں کے ساتھ اُن کے قریبی تعلقات قائم رہے۔ باتوں میں بزلہ سنجی اُن کا معمول تھا۔ مسکراہٹ ان کے چہرے پر موجود رہتی تھی۔ علالت کے دوران بھی دوست احباب اُن کی عیادت کے لئے جاتے تو کوئی نہ کوئی لطیفہ اور مزاحیہ جملہ کہہ کر کچھ دیر کے لئے ماحول کو خوشگوار بنا دیتے۔ اُن کے انتقال سے جماعت اسلامی اور صحافی برادری میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ اللہ تعالیٰ اُن کی مغفرت کرکے جنت میں درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا ہو۔ آمین