انگلینڈ نے آسٹریلیا کو پہلے ون ڈے میں دھول چٹا دی
ملبورن(اے پی پی) جیسن روئے کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت انگلینڈ نے عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 48.5 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کیا، جیسن روئے اور جوروٹ نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا، ان کے سامنے کینگروز باؤلرز بالکل بے بس نظر آئے، دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ میں 221 رنز کی شراکت جوڑ کینگروز کی جیت کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا، روئے نے غیرمعمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 180 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، اس کے ساتھ ہی وہ ملک کی طرف سے انفرادی طور پر بڑی ون ڈے اننگز کھیلنے والے بلے باز بھی بن گئے، روٹ نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 91 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ایرون فنچ کی سنچری، سٹوئنس اور مچل مارش کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں، جیسن روئے کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اتوار کو میلبورن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، فنچ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 107 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، سٹوئنس نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی اور 60 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، مچل مارش 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، وارنر 2، ٹریوس ہیڈ 5، کپتان سٹیون سمتھ 23، ٹم پین 27 پیٹ کمنز 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اینڈریو ٹائی 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، لیام پلنکٹ نے 3 جبکہ عادل رشید نے 2، کرس ووکس، مارک ووڈ اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 49ویں اوور کی پانچویں گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، جیسن روئے اور جونی بیئرسٹو نے ٹیم کو 53 رنز کا آغاز فراہم کیا، بیئرسٹو 14 رنز بنا کر سٹارک کی گیند کا نشانہ بنے، ایلکس ہیلز بیٹنگ کا جادو جگانے میں ناکام رہے اور صرف 4 رنز بنا کر چلتے بنے، 60 کے سکور پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد جوروٹ نے جیسن روئے کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ میں 221 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 281 تک پہنچا کر اسے فتح کے قریب پہنچا دیا، یہاں پر جیسن روئے 180 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد سٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے،کپتان این مورگن ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کر سکے اور صرف ایک رن بنا کر کمنز کی گیند کا نشانہ بنے، جوز بٹلر 4 رنز بنا کر چلتے بنے، روٹ ایک اینڈ پر ڈٹے رہے اور 91 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، معین علی نے5 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، مچل سٹارک اور پیٹ کمنز نے دو، دو اور سٹوئنس نے ایک وکٹ لی۔