رواں سیزن کے دوران کافی کی عالمی پیداوار158.8 ملین بیگ رہنے کی توقع
لندن (آن لائن) ماہرین نے کہا ہے کہ سیزن2017-18 کے دوران کافی کی عالمی پیداوار 60 کلوگرام کے 158.8 ملین بیگ رہنے کی توقع ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے جس کی وجہ روبسٹا کافی کی پیداوار میں اضافہ ہے۔انٹرنیشنل کافی آرگنائزیشن کی جائزہ رپورٹ کے مطابق رواں سیزن کے دوران کافی کی عالمی پیداوار بڑھ کر 60 کلوگرام کے 158.8 ملین بیگ رہنے کی توقع ہے جو سیزن 2016۔17 ء کی نسبت 0.7 فیصد زیادہ ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سیزن میں اربیکا کافی کی عالمی پیداوار 60 کلوگرام کے 97.3 ملین بیگ رہنے کی توقع ہے جو 2016۔17 ء کی نسبت 1.1 فیصد کم ہیں۔اس کی سب سے بڑی وجہ برازیل میں اربیکا کافی کی پیداوار میں 6.7 فیصد کمی ہے، جہاں صرف 38.63 ملین بیگ اربیکا کافی پیدا ہونے کا امکان ہے۔کولمبیا کی پیداوار بھی 4.3 فیصد کمی کے ساتھ 14 ملین بیگ رہنے کا امکان ہے۔ رواں سیزن کے دوران روبسٹا کافی کی عالمی پیداوار 61.5 ملین بیگ رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے جو سیزن2016-17 کی نسبت 3.7 فیصد زیادہ ہے۔روبسٹا کافی کی پیداوار میں اضافے کی اہم وجہ ویتنام میں اس کی ریکارڈ پیداوار ہے جہاں 28.5 ملین بیگ کافی پیدا ہونے کی توقع ہے جو 2016۔17 ء کی نسبت 11.6 فیصد زیادہ ہوگی۔ماہرین نے سیزن2017-18 کے دوران کافی کی عالمی کھپت بڑھ کر 157.6 ملین بیگ رہنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ 2016۔17 ء کی کھپت 155.1 ملین بیگ رہی تھی۔