بھارت میں اس سال گندم کی بھرپور پیداوار متوقع، ریکارڈ 100 ملین ٹن سے تجاوز کرجائے گی
نئی دہلی(اے پی پی) بھارت میں اس سال گندم کی بھرپور پیداوار متوقع ہے، بھارت کے سیکرٹری زراعت ایس کے پٹنائیک نے صحافیوں کو بتایا کہ گندم کی پیداوار ریکارڈ 100 ملین ٹن سے تجاوز کرجائے گی۔ منگل کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ سال گندم کی پیداوار 98.36 ملین ٹن رہی تھی۔ بھارتی حکومت نے سال رواں کیلئے گندم کی پیداوار کا ہدف 97.50 ملین ٹن مقرر کر رکھا ہے۔ سال 2013-14 میں بھارت میں گندم کی پیداوار 95.85 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔ محکمہ زراعت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس سال گندم کی ربیع کی فصل میں ریکارڈ اضافہ کا امکان ہے۔ بھارت میں گندم کی کٹائی کا آغاز مارچ میں ہوتا ہے۔
بھارت کے محکمہ زراعت کے ڈیٹا کے مطابق ریاست اتر پردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان، مہاراشٹرا اور مغربی بنگال میں گزشتہ ہفتے تک ماضی کے مقابلے میں کم رقبے پر گندم کی بوائی کی گئی ہے ۔ بھارت میں اوسط 201.74 ہیکٹر اراضی پر گندم کاشت کی جاتی ہے۔