نئے شراکت داروں کی تلاش کے ساتھ ساتھ برآمدات میں تنوع چاہتے ہیں، کاشف اشفاق

نئے شراکت داروں کی تلاش کے ساتھ ساتھ برآمدات میں تنوع چاہتے ہیں، کاشف اشفاق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (اے پی پی) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کا اعلیٰ سطح کا وفد ہفتے کو جرمنی سے اٹلی روانہ ہوگیا جس کا مقصد پاکستانی اور اطالوی کاروباری برادری کے درمیان باہمی شراکت داری کے ذریعے تجارتی روابط کو فر وغ دینا ہے۔اس سے قبل وفد نے جرمنی کے شہر فرنیکفرٹ میں بین الاقوامی تجارتی میلے ہیم ٹیکسٹائل میں شرکت کی۔وفد کی سربراہی پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد کاشف اشفاق کر رہے ہیں جو اٹلی کے اقتصادی ادارے کے ماتحت تاجروں کی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے کاروباری ملاقاتیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے کئی شعبوں میں اچھے تعلقات ہیں اور اب ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا وقت آگیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وفد حکومتی اداروں ، نمایاں کمپینوں اور غیر ملکی تجارتی اداروں سے ملاقات کرے گا تاکہ تجارت اور کاروباری شعبوں میں باہمی تعاون کے نئے امکانات تلاش کئے جا سکیں۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اٹلی پاکستان میں چین ، متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کے بعد سرمایہ کاری کرنے والا چوتھا سب سے بڑا ملک ہے اور اس کی پاکستان میں کل سرمایہ کاری 100ملین ڈالر ہے جبکہ باہمی تجارت کی مالیت ایک ارب یورو ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور توجہ توانائی ، انفراسٹرکچر ، آٹو موبائیلز، ایگرو فوڈ ، فارما سیوٹیکلز ، ماربل ، قیمتی پتھروں اور ٹیکسٹائلز پر ہے ، ہم نئے کاروبار کرنے کیلئے نئے شراکت داروں کی تلاش کے ساتھ ساتھ برآمدات میں تنوع چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اٹلی کے پاس مشینری ، سولر پینلز ، قابل تجدید توانائی زراعت اور انفراسٹرکچر کو ترقی دینے کی مہارت ہے، اس کے علاوہ اٹلی کی مختلف کمپنیاں پاکستانی کاروباری اداروں کے ساتھ مشترکہ کاروبار کے مواقع کی تلاش میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرنیچر کے کئی کاروباری ادارے اٹلی سے فرنیچر درآمد کرنے کو ترجیح دیتے ہیں اور وہ یہ مصنوعات مقامی مارکیٹ میں فروخت کرتے ہیں تاہم پاکستانی فرنیچر کی صنعت بھی اس مسابقت سے خاطر خواہ اور مساوی فائدہ اٹھا رہی ہے ۔ پی ایف فرنیچر کی برآمدات میں اضافہ کیلئے بڑا اہم کردار ادا کر رہی ہے اور مقامی مینوفیکچررز کو بھی ان اہداف کے حصول میں مدد کیلئے پاکستان فرنیچر کونسل کے ساتھ اپنا ہاتھ بٹانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نقش و نگار کی کندہ کاری والے فریچر کی مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں بڑی طلب ہے لہذا پاکستانی دستکاروں کو قیمتی زرمبادلہ کمانے کیلئے اس شعبہ میں کام پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے تاکہ بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق فرنیچر کی معیاری مصنوعات تیار کی جاسکیں۔

مزید :

کامرس -