کشمیر یوں کا خون رنگ لائیگاجلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا:محمد میاں سومرو
لاہور(پ ر )یوتھ فورم فار کشمیر کا ایک اہم اجلاس ایوان کشمیر لاہور میں منعقد ہوا۔صدارت سابق وزیراعظم پاکستان / چیئرمین سینٹ محمد میاں سومرو نے کی۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے ظلم و تشدد کی بڑھتی ہوئی کاروائیوں اور نہتے کشمیر یوں پر بلا جواز فائرنگ کی شدید مذمت کی گئی۔اجلاس میں اُس امر پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیاکہ بھارتی حکمران کشمیریوں کو غلام بنائے رکھنے کیلئے بندوق کی نوک پر تحریک جدوجہد آزادی کشمیر کو دبانے کی پالیسی پر گامزن ہیں اور آئے روز بھارتی قابض فوج نہتے بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد میاں سومرو نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور بھارت بھول جائے کہ کشمیری لاکھوں شہداء کی قربانیوں کو فراموش کر کے خاموشی سے بیٹھ جا ئیں گے ۔ انشاء اللہ بہت جلد کشمیر یوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کا سورج طلوع ہوگا ۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے۔
اجلاس میں طارق احسان غوری ، نواب ریاض حسین قریشی ، قسور سعید مرزا ، ڈاکٹر عمران اُوپل اور ملک مہربان نے شرکت کی ۔