عراق میں پارلیمانی انتخابات ، حیدرالعبادی اور الحشد میں اتحاد قائم
بغداد(این این آئی)عراق میں پارلیمانی انتخابات کے قریب آتے ہی سیاسی جوڑ توڑ میں بھی تیزی آ گئی ،عراق حزب الدعوۃنے النصر والاصلاح گروپ کی قیادت موجودہ وزیراعظم حیدرالعبادی کو سونپتے ہوئے دولت القانون کے سربراہ نوری المالکی کو اس سے الگ کردیا۔عرب ٹی وی کے مطابق النصر والاصلاح گروپ کی قیادت سنبھالنے کے بعد ایران نواز شدت پسند عراقی ملیشیا الحشد الشعبی کی جانب سے بھی اس کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔نصرالعراق کے نام سے تشکیل پانے والے اس نئے سیاسی اتحاد میں الحشد الشعبی کے قائدین اور اس سیوابستہ کئی دوسرے اداروں اور شخصیات نے بھی العبادی کی حمایت کا اعلان کیا۔نصرالعراق نے انتخابات کے دوران ملک کی تعمیرو ترقی کا نعرہ اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ عراق کی سرزمین کی دہشت گردوں سے آزادی کے بعد اب تباہ حال عراق کی تعمیر اگلا چیلنج ہے۔نصرالعراق نے ملک کی تمام سیاسی قوتوں کے لیے اتحاد کا دروازہ کھلا رکھا ہے کہا ہے کہ نیا سیاسی اتحاد ملک کی نئی تشکیل اور دستور کے مطابق اداروں کی مضبوطی کے لیے پرعزم ہے۔العبادی اور الحشد کی قیادت میں بننے والے اتحاد نے ملک میں سیاسی عمل کو آگے بڑھانے اور کرپشن کے خلاف بھرپور جنگ جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔الفتح اتحاد میں ھادی العامری کی زیر قیادت بدر آرگنائزیشن،، ھمام حمودی کی سپریم کونسل، الحشد کے 8 گروپ، 11 جماعتیں، اور ابراہیم بحرالعلوم کی اعلیٰ سپریم کونسل کیرہ نما شامل ہیں۔