جنسی تشدد کی روک تھام،پنجاب یونیورسٹی نے آگاہی مہم شروع کر دیا
لاہور(خبرنگار) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر کی ہدایت پر پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے بچوں پر جنسی تشدد کے خلاف ملک گیر آگاہی مہم اور تحقیق کا آغاز کر دیا گیا ہے اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی کے سماجی و نفسیاتی ماہرین اور طلباء و طالبات کا ایک وفد آج بروز پیر قصور کا دورہ کرے گا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ذکریا ذاکر نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے سماجی و نفسیاتی مسائل کے شعبوں کے محققین تمام سماجی مسائل بالخصوص بچوں پر جنسی تشدد ایسے مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کا وفد پیر کو قصور کے مختلف سکولوں کا دورہ بھی کرے گا۔ ڈاکٹر ذکریا ذاکر نے یقین دلایا کہ پنجاب یونیورسٹی اس نازک مرحلے پر قوم کو اکیلا نہیں چھوڑے گی بلکہ ایسی تحقیقات کی جائیں گی جس سے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی چائلڈ پروٹیکشن بیورو، شعبہ سوشل ویلفیئر اور ڈیپارٹمنٹ آف سکولز حکومت پنجاب کے ساتھ مل کا جامع حکمت عملی وضع کرے گی۔ ڈاکٹر ذکریا ذاکر نے اس سلسلے میں متعلقہ شعبہ جات کو بچوں پر جنسی تشدد کے خلاف قلیل المدتی اور طویل المدتی منصوبوں کی تشکیل دینے کی بھی ہدایات جاری کر دیں۔
یونیورسٹی