سیکولر نظام کے پیر و کار فحاشی پھیلانے کے ذمہ دار ہیں،ذکر اللہ مجاہد

سیکولر نظام کے پیر و کار فحاشی پھیلانے کے ذمہ دار ہیں،ذکر اللہ مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ مغربی اور سیکولر نظام کے پیرو کار ملک میں فحاشی و عریانی اور بے حیائی پھیلانے کے ذمہ دار ہیں جس کی وجہ سے سانحہ قصور جیسے دن دیکھنے پڑ رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں ضلعی شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، ضیاء الدین انصای ، انجینئر خالد عثمان ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، امراء علاقہ جات ، چوہدری محمدشوکت ، خالد احمد بٹ، ملک محمد شفیق ، عبدالرشید مزرا ، حاجی ریاض الحسن ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، جے آئی یو تھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی چوہدری محمود الاحد، احمد سلمان بلوچ ،خلیق احمد بٹ و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ایک دینی اور جمہوری جماعت ہے اور اس کے رسولﷺ کے نظام کو ملک میں نافذ کرنے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے ،ہم نے ہمیشہ اصولوں ،نظریے اور جمہوری اقدار کی سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوطی کی بات کرتی آئی ہے مگر بدقسمتی سے مفادپرست حکمرانوں نے آج تک نظریہ پاکستان کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات نہیں اُٹھائے بلکہ پاکستان کو سیکولرازم کے طرف دھکیلا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار کے بغیر شہر بھر میں فلاحی کاموں میں اپنا منفرد اعزاز رکھتی ہے اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے ارکان و کارکنان اپنے علاقہ جات میں ہر سطح پر مسائل کے حل اورعوامی رابطے کو مزید بڑھائیں ۔