آمدورفت پر کھربوں لگانے والے طبی سہولیات نہ دے سکے،یاسر گیلانی
لاہور(پ ر) تحریک انصاف کے ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی انجینئر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے عوام کو آمدورفت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے کھربوں روپے کے میگا پراجیکٹ شروع کررکھے ہیں جبکہ عوام صحت جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں پوری دنیا میں حکومت کی کارکردگی جانچنے کا سب سے بڑا پیمانہ غریب عوام کو تعلیمی اور طبی سہولتوں سے لگایا جاتا ہے اپنے ایک بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس وقت 997 افراد کیلئے ایک ڈاکٹر‘ 10 ہزار 658 افراد کیلئے ایک ڈینٹسٹ اور 1584 افراد کیلئے ہسپتالوں میں ایک بستر کی سہولت موجود ہے۔ جس سے طبی سہولتوں کے فقدان کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے مریضوں اور طبی سہولتوں میں تناسب کی شرح کو خطرناک حد تک بگاڑ دیا ہے کہ مریض ہسپتالوں میں بیڈ میسر نہ آنے کے باعث وارڈوں میں فرش پر ایڑیاں رگڑ رگڑ کر جان دے رہے ہیں۔
یاسر گیلانی