اتوار’’ ون ویلنگ ڈے ‘‘ بن گیا،منچلے سڑکوں پر دندناتے رہے

اتوار’’ ون ویلنگ ڈے ‘‘ بن گیا،منچلے سڑکوں پر دندناتے رہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں سخت پابندی کے باوجود بھی اتوار کے روزدرجنوں موٹر سائیکل سوار منچلے نوجوان شاہراؤں پر ون ویلنگ اور ریس لگاتے رہے۔ پولیس ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی ۔ بتایا گیا ہے کہ شہر میں سخت پابندی کے باوجود موٹر سائیکل سوار نوجوان ٹولیوں کی صورت میں مختلف شاہراؤں پر جان لیوا کرتب کرتے رہے متعدد نوجوان لاکھوں روپے کی شرطیں لگا کر موٹر سائیکلوں پر ریسیں لگاتے رہے۔ پوش علاقوں میں منچلے نوجوانوں کے ساتھ خوبرو لڑکیاں بھی موٹر سائیکلوں پر بیٹھی دکھائی دیتی ہیں ان لڑکے لڑکیوں کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ امیر گھروں سے تعلق رکھنے والے لڑکے لڑکیاں ہیں جو 125موٹر سائیکلوں کے ساتھ ساتھ ہیوی بائیکس پر سوار ہو کر ریسیں لگاتے ہیں ایسے گروپ لبرٹی مارکیٹ ، مین بلیووارڈ گلبرگ، ڈیفنس ، ماڈل ٹاؤن کے علاقوں میں معروف پارکوں، چوکوں اور مارکیٹیوں کے ارد گرد موٹر سائیکلوں پر گھومتے دکھائی دیتے ہیں مگر پولیس ان نوجوانوں کے خلاف موثر کارروائی میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں ڈیفنس ، وحدت روڈ، کوئنز روڈ، مال روڈ، فیروز پور روڈ، جوہر ٹاؤن شوکت چوک ، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ، مغل پورہ ، شالیمار لنک روڈ، ملتان روڈ، کینال روڈ اور دیگر شاہراؤں پر موٹر سائیکل سوار نوجوان ٹولیوں کی صورت میں ون ویلنگ اور ریسیں لگاتے دکھائی دیئے پولیس نے متعدد نوجوانوں کو پکڑ لیا مگر متعدد ویلروں سے نذرانے لیکر ان کو چھوڑ دیا جاتا ہے جبکہ پیسے نہ دینے والے ویلروں کو حوالات میں بند کر دیا جاتا ہے ۔

مزید :

علاقائی -