ننکانہ : بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں کا شدید احتجاج

ننکانہ : بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں کا شدید احتجاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ننکانہ صاحب (نمائندہ خصوصی )شہر اور اس کے گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا جبکہ کم وولٹیج کے باعث الیکٹرونکس کی قیمتی چیزیں خراب ہونا شروع ہوگئیں، شہریوں کا حکومت کے خلاف شدید احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب اور اس کے گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے اتوار چھٹی کے روز بھی بجلی کی بار بار بندش اور کم وولٹیج سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ واپڈا حکام کی طرف سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا کوئی بھی شیڈول نہ ہے تقریبا ہر گھنٹے کے بعد بجلی بند کردی جاتی ہے ہاؤسنگ کالونی، محلہ بالیلا، اسٹیڈیم روڈ، محلہ رسول نگر سمیت دیگر علاقوں میں دوپہر 12بجے سے تین بجے تک بجلی کی غیر اعلانیہ بندش رہی اس کے بعد بجلی کے وولٹیج انتہائی کم تھے جس کے باعث ان کے گھروں کی الیکٹرونکس کی قیمتی اشیائے بھی جل گئیں انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف سے حکومت بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے بلند و بانگ دعوے کر رہی ہے تو دوسری طرف ننکانہ صاحب میں آج بھی بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جو حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ننکانہ صاحب میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر ختم نہ کیا گیا تو عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہونگے۔

مزید :

علاقائی -