شاہ محمود کے بیٹے کا ولیمہ، زکریا یونیورسٹی گراؤنڈ کی سائٹ اسکرین توڑ دی گئی
ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے اپنے بیٹے کے ولیمے کیلئے بہاء الدین زکریا یونیورسٹی پلے گراؤنڈ کی کرکٹ پچ کی سائٹ اسکرین تڑوادی۔ولیمے میں خود عمران خان بھی شریک تھے جبکہ 60 ہزار روپے کرائے پر گراؤنڈ لینے والے شاہ محمود قریشی نے ولیمے کے بعد سائٹ اسکرین دوبارہ بنوانے کا وعدہ کرلیا۔ملتان کی بہاء الدین زکریا یو نیو رسٹی کے گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کی دعوت ولیمہ منعقد ہوئی۔دعوت ولیمہ کیلئے 10 ہزار سے زائد مہمانوں کا انتظام کیا گیا جبکہ خواتین اور مرد مہمانوں کے لیے دو الگ الگ پنڈال سجائے گئے تھے۔ان پنڈالوں کو سجانے کے لئے یونیورسٹی گراؤنڈ کی ایک دیوار کو توڑ دیا گیا اور پھول کی باڑیں اکھاڑ دی گئی۔یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے دعوت ولیمہ کی تقریب کے لئے شاہ محمود قریشی سے باقاعدہ معاوضہ وصول کیا ہے جبکہ دعوت ولیمہ کا پنڈال سجانے کیلئے گراؤنڈ کا جو بھی نقصان ہو گا اس کی مرمت شاہ محمود قریشی ایک روز کے اندر کروا کر دیں گے۔انتظامیہ نے بتایا کہولیمے کے دوران استعمال ہونے والی بجلی کا انتظام بذریعہ جنریٹر شاہ محمود قریشی نے خود کروایا ہے۔