عمران خان ، طاہر القادری نے ہمیشہ انتشار ، لڑانے اور تقسیم کرنے کی سیاست کی : سعد رفیق

عمران خان ، طاہر القادری نے ہمیشہ انتشار ، لڑانے اور تقسیم کرنے کی سیاست کی : ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( این این آئی) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں موجودگی کے دوران خدا کے گھر میں عمران خان اور طاہر القادری کا نام لے کر ان کے لئے ہدایت اور اصلاح کی دعا ئیں کی ،سیاسی اور غیر سیاسی عناصر چار سال سے حکومت کو گرانے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں،طاہر القادری کو بھی معلوم ہے کہ قتل کے مقدمات کا فیصلہ چوکوں ، چوراہوں میں نہیں عدالتوں میں ہے لیکن وہ صرف بیگاڑ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طاہر القادری اگر واقعی سمجھتے ہیں کہ انہیں انصاف نہیں ملا تو وہ عدالت سے رجوع کرتے اس کے لئے شہروں کو لاک ڈاؤن کرنے کا کیا جواز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بھی ہمیشہ انتشار ،لڑنے ، لڑانے اور تقسیم کی سیاست کی ہے ۔ وہ سیاست میں ایک لیڈر کے طور پر سامنے آئے تھے لیکن انہوں نے بھی انتشار ، تقسیم اور گالی گلوچ کا راستہ اختیار کیا ۔ میں نے تو خداکے گھر او رمسجد نبوی میں ان کا نام لے لے کر ان کے لئے ہدایت اور اصلاح کی دعائیں کیں کہ اللہ تعالیٰ ان کے دلوں کو بغض اور عناد سے پاک کرے ۔ انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ ووٹ ایسے نہیں ملتے اور لوگوں کو بھی اب باتیں سمجھ آرہی ہیں۔ انہوں نے حکومت کو گرانے کے حوالے سے کوششوں کے سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کو گرانے کیلئے چار سال سے کوششیں کی جارہی ہیں اور ہر یہ شکل میں کی گئی ہیں ، پس پردہ بھی سازشیں کی گئیں، سیاسی او رغیر سیاسی لوگوں نے بھی یہ کوششیں کی۔مخالفین حکومت کے خلاف نہیں ملک کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ عمران خان کی شادی اور نجی زندگی ان کا ذاتی معاملہ ہے اس پر بات نہیں کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دل ایک دوسرے کے لئے دھڑکتے ہیں ۔

مزید :

صفحہ آخر -