ڈبل فیس چالان ، بینک آف پنجاب کی برانچوں میں سروس عارضی طور پر معطل
لاہور(عامر بٹ سے) ڈبل فیس چالان کی پریکٹس پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کو مہنگی پڑ گئی،بینک آف پنجاب انتظامیہ نے صوبے بھر میں فیس وصولی کی سروس معطل کر دی،صوبے بھر کی عوام اراضی ریکارڈ سینٹر پر خواری اور چکر کاٹنے پر مجبور نظر آئی،3روز سے فیس وصولی کی بندش اور شہریوں کو اراضی ریکارڈ سنٹر ز سے ملنے والی سہولیات کی عدم دستیابی سے شہریوں میں غم و غصہ کی لہر پیدا کر دی،صورتحال کنٹرول کرنے میں ناکام انتظامیہ کی نااہلی بھی کھل کر سامنے آگئی،روزنامہ پاکستان کو ملنے والی معلومات کے مطابق پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آئی ٹی اسامہ بن سعید کی ہدائت پر ایک چالان کے ذریعے پرچی انتقال اور نادرہ کی فیس وصولی کی پریکٹس روک کر نادرہ کی فیس وصولی اور انتقال پرچی کی الگ چالان بنانے کی پریکٹس کا آغاز کیا تو دو دن بعد ہی بینک آف پنجاب کی انتظامیہ نے اس پریکٹس کے استعمال پر ہاتھ کھڑے کر دیئے اور صوبے بھر میں فیس وصولی کے کام کو روک دیا گیا جبکہ بینک آف پنجاب کی تمام برانچوں میں بھی بینک کی سروس عارضی طور پر معطل ہے کے نوٹس آویزاں کر دیئے گئے ہیں،جبکہ بینک آف پنجاب کی انتظامیہ نے اپنے تمام سٹاف کو ہدائت کی ہے کہ جب تک ایک ہی چالان پر تمام فیس وصول نہیں کی جائے گی فیس وصولی کا عمل شروع نہیں کیا جائے گا جبکہ بینک آف پنجاب کی جانب سے فیس وصولی بند کرنے کے بعد صوبے بھر کی عوام کو خواری ،پریشانی اور شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،اراضی ریکارڈ سنٹرز میں دور دراز سے آئے ہوئے شہریوں کی کثیر تعداد پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی انتظامیہ کی نااہلی ،بد انتظامی اور نالائقی پر سراپا احتجاج بن گئی جبکہ 3رو ز گزر جانے کے بھی اراضی ریکارڈ سنٹرز اور فیس وصولی کی سروس بحال نہ کی جاسکی تاہم ڈی جی پی ایل آر اے کیپٹن (ر)ظفر اقبال نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے آگاہی دی ہے کہ ٹیکنکل بنیادوں پر خرابی کا سامنا ہے کل تک تمام سروس بحال ہو جائے گی۔