پی ٹی آئی نے 22ماہ تاخیر کرائی ، چھپے دشمن کی طرح وار کر کے عوام سے دشمنی کی : شہباز شریف
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گزشتہ روزعلی الصبح لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا ۔ وزیراعلی کوسٹر میں بیٹھ کر اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے دورے کیلئے روانہ ہوئے ، 2گھنٹے تک منصوبے کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے سول، مکینیکل اور الیکٹریکل کاموں پر پیش رفت ، مختلف سٹیشنوں کا بھی جائزہ لیا،وزیراعلیٰ منصوبے کے انڈر گراؤنڈ حصے میں بھی گئے اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز ا و ر 24 گھنٹے کام جاری رکھا جائے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا منصوبہ عام آدمی کو باوقار اور عالمی معیار کی سفری سہو لتیں فراہم کرے گا اور تکمیل سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلاب برپاہو گا۔لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ پاکستان کے عوام کا منصوبہ ہے ۔ تاخیر کا ازالہ محنت، عزم اور جذبے کیساتھ کریں گے۔ منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے سب نے ملکر کام کرنا ہے۔ شہریوں سے بات چیت میں انکا کہنا تھا پی ٹی آئی کی وجہ سے یہ منصوبہ رکا رہا، پی ٹی آئی نے منصوبے میں 22ماہ کی تاخیر کرائی لیکن اب اس پر دن رات کام ہو رہا ہے۔ عوام کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولتوں سے محروم رکھنے والی جماعت نے اپنے صوبے میں کچھ نہیں کیابلکہ لاہور کے عوام سے بھی دشمنی کی۔پی ٹی آئی نے اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے پر چھپے ہوئے دشمن کی طرح وار کیا۔لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین نے گزشتہ ماہ 25 دسمبر کو چلنا تھا اور اپنا جادو جگانا تھا اور ڈیرہ گجراں سے علی پور تک روزانہ تین لاکھ لوگوں نے ٹرین پر سفر کرنا تھا۔ انہوں نے خیبر پختونحوا اور پشاور کے عوام کا بھی وقت برباد کیا ہے ۔ بعض سیاسی عناصر نے منصوبے میں رکاوٹیں ڈال کر عوام سے کھلی دشمنی کا مظاہرہ کیاہے ۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ا پنے صوبے میں میٹروبس پراجیکٹ کی ایک اینٹ نہیں لگا سکے ۔ ان لوگوں نے عام آدمی کی فلاح و بہبود کیساتھ کھلم کھلا ظلم کیاہے۔ ہم نے 22ماہ کی تاخیر کا ازالہ محنت ، محنت اورصرف محنت سے کرناہے ۔ منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا خود جائزہ لے رہا ہوں جلد مکمل کرنے کیلئے جان لڑا دیں گے ۔ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ پاکستان کے عوام کیلئے چین کا تحفہ ہے۔ منصوبہ امیر او رغریب کے درمیان فرق کم کرنے کے حوالے سے اہم ا قدام ہے۔ میٹروٹرین کے ذریعے عام آدمی بھی فخر اور وقار کیساتھ سفر کر سکے گا۔وزیراعلی نے منصوبے کے دورے کے دوران لوگو ں سے گفتگو کی اور منصوبے پر کام کرنیوالے ورکرز کیساتھ ہاتھ ملایا۔ وزیراعلی کو دیکھ کر لوگوں نے ’’شہبازشریف زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے۔بعد ازاں وزیراعلیٰ نے ماڈل ٹاؤن میں منصوبے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی ۔جس میں وزیراعلی کو منصوبے پر ہونیوا لی پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور تعمیراتی کاموں کے بارے میں بھی آگا ہ کیا گیا ۔سی آر،نورینکو کے حکام کی جانب سے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ چینی حکام نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا ہم وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق منصوبے کو جلد مکمل کرنے کیلئے پوری کوشش کریں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا مجھے منصوبہ پر ہونیوالی پیشر فت دیکھ کر مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ جی پی او چوک کی بندش کے باعث ٹریفک کے موثرمتبادل انتظامات ہونے چاہیے تا کہ شہریوں کو آمدورفت میں کم سے کم تکلیف ہو۔ ٹریفک کو رواں دوا ں رکھنے کیلئے اضافی اقدامات بھی اٹھائے جائیں ۔ اس ضمن میںآپ سب نے ملکر مربوط کوششیں کرنی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کے اطراف بہترین ہارٹیکلچر کا انتظام کیاجائے۔لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کی سٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ خواجہ احمد حسان، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، کمشنر لاہور ڈویژن، سی آر ۔نورینکو کے حکام اوراعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
شہباز شریف