دہشتگردی کیخلاف جنگ میں امریکہ کو پاکستان کا کردار تسلیم کرنا ہو گا : ناصر جنجوعہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مشیر قومی سلامتی جنرل (ر)ناصر جنجوعہ کا کہنا ہے دہشتگردی کیخلاف پاکستان نے بڑی جنگ لڑی،ا مریکہ کو پاکستان کا دہشتگردی کیخلاف کردار تسلیم کرنا ہو گا۔نجی چینل ’’دنیانیوز‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مشیر قومی سلامتی جنرل(ر) ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتنے کیلئے پر عزم ہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں امریکہ کا اپنا کردار ہے، سب کو اپنا کردار ادا کر کے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنا ہے، پاکستان کا دہشتگردی کیخلاف کردار دنیا جانتی ہے لیکن امریکہ کا پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف نہ کرنا تنگ نظری ہے۔ پاکستان نے اپنی سرزمین سے دہشتگردی کی جڑیں کاٹی ہیں، افغانستان میں امن قائم نہ ہونے کے ذمہ دار ہم نہیں، پاکستان آج بھی افغانستان میں امن کا خواہاں ہے، افغانستان میں امن قائم ہونے سے خطے میں استحکام آئے گا۔