ایم کیو ایم لندن کے ڈپٹی کنوینر حسن ظفر عارف کا پوسٹمارٹم مکمل ، موت طبعی قرار ، بہیمانہ قتل ہوا: فاروق ستار

ایم کیو ایم لندن کے ڈپٹی کنوینر حسن ظفر عارف کا پوسٹمارٹم مکمل ، موت طبعی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )ایم کیو ایم لندن کے ڈپٹی کنوینر حسن ظفر عارف کا پوسٹمارٹم جناح ہسپتال میں مکمل کرلیا گیا ہے۔پوسٹمارٹم جناح ہسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر شیراز خواجہ اور ڈاکٹر سونو مل نے کیا۔ابتدائی پوسٹمارٹم میں 72 سالہ حسن ظفر کی موت کی وجہ طبعی قرار دی گئی ہے، لاش سے نمونے حاصل کرکے کیمیکل ایگزامینر کو بھجوادیئے گئے ہیں۔کیمیکل ایگزامینر کی رپورٹ آنے میں دو ہفتے لگ سکتے ہیں، پوسٹمارٹم کے بعد حسن ظفر کی میت چھیپا ویلفیئر سرد خانے منتقل کر دی گئی ہے۔پوسٹمارٹم کے مطابق پروفیسر حسن ظفر عارف کی موت ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کسی وقت ہوئی، پوسٹمارٹم شروع کرتے وقت موت کو 8 سے 16 گھنٹے ہو چکے تھے۔پولیس کے مطابق پروفیسر حسن ظفر عارف دل کے مریض تھے۔ ڈاکٹرز کے مطابق دل کے مریض کے انتقال کے بعد ناک سے خون آنا عام بات ہے، پروفیسر حسن ظفر عارف کی لاش پر تشدد کا کوئی نشان نہیں ملا۔ڈاکٹرز کا مزید کہنا ہے کہ دل کے مریض کو کسی کمرے میں بند کر دیا جائے تو موت واقع ہو سکتی ہے، تشدد سے ڈرایا دھمکایا جائے تو بھی دل کا مریض مر سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق دل کے مریض کی حبس بے جا میں موت بھی قتل کے زمرے میں آتی ہے۔ ایم کیوایم لندن کے رہنما حسن ظفر عارف کی لاش ابراہیم حیدری کے علاقے سے ملی ۔ پولیس حکام کا کہناتھا لاش کی شناخت ان کی جیب سے ملنے والے کارڈ سے ہوئی ہے ،جناح ہسپتال کی انچارج شعبہ حادثات ڈاکٹرسیمی جمالی کا کہناتھاپولیس کی جانب سے لائی گئی لاش پر کسی قسم کے تشدد کے نشانات نہیں تھے ۔ خیال رہے کہ پروفیسر حسن ظفر عارف اشتعال انگیز تقریر کیس میں نامزد تھے جو کئی ماہ تک رینجرز کی حراست میں رہے تاہم 18 اپریل 2017 کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے انہیں رہا کردیا تھا۔
حسن ظفر

(این این آئی) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہاہے ایم کیو ایم لندن کے رہنما پروفیسر حسن عارف کا بہیمانہ قتل ہوا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم کے سربراہ فاروق ستارنے کہا کہ لوگوں کی امیدیں ایم کیوایم پاکستان سے ہیں،ایم کیوایم پاکستان کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہے اورپتنگ کا نشان اگلے الیکشن میں بھی لوگوں کی امید کا مرکزہوگا جبکہ ایم کیو ایم عام آدمی اورغریب کو ٹکٹ دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 انتخابات کا سال ہے، انتخابات کی بساط بچھ رہی ہے جبکہ اگر الیکشن ہوجائے تو پھر کوئی دھرنا نہیں ہوگا۔فاروق ستارنے کہا کہ پروفیسرحسن عارف کا بہیمانہ قتل ہوا ہے ٗجب ملتان ائیرپورٹ پہنچا تو حسن عارف کی شہادت کی خبر ملی ، پروفیسرحسن عارف کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے تھا، ہم ان کے پسماندگان کے ساتھ برابرکے شریک ہیں جبکہ حسن عارف کا قتل کراچی کو بدامنی کی جانب دھکیلنے کی سازش ہے۔ ایم کیوایم سربراہ فاروق ستارنے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بہت سے مسائل ہیں، مسائل کے حل کیلیے کوئی خاطرخواہ اقدام نہیں کیے گئے۔

مزید :

صفحہ اول -