پی آئی اے کی فروخت کے فیصلے کے بعد دو غیرملکی ایئرلائنز میدان میں آگئیں ، دلچسپی ظاہر کردی
اسلام آباد(ویب ڈیسک) حکومت کی طرف سے عام انتخابات سے قبل پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ کے بعد اتحاد ایئرویز اور امارات ایئر لائنز نے پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کردی ہے۔
غیرملکی نیوز ایجنسی رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر نجکاری دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ نئی منصوبہ بندی کے تحت پی آئی اے کو فروخت کرنے کا ارادہ ہے آئندہ انتخابات سے قبل پی آئی اے کی نجکاری کی کوشش کریں گے امارات اور اتحاد ایئرلائن نے پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
وزیر نجکاری نے کہا کہ اس ضمن میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت نجکاری کمیشن کے اجلاس میں سفارشات پیش کی جائیں گی ممکن ہے سفارشات پیش کرنے کا یہ مرحلہ اگلے ہفتے تک مکمل ہوجائے تاہم پی آئی اے کی نجکاری کے لیے پارلیمنٹ سے پہلے ایک بل کے ذریعے سال 2016ء میں کی گئی ایک قانون سازی کو مسترد کرنا پڑے گا جس میں پی آئی اے کو لمیٹڈ کمپنی قرار دیا گیا تھا۔
دانیال عزیز سے پوچھا گیا کہ پی آئی اے کو کیسے خریدا جائے تو انہوں نے جواب دیا کہ کل صبح اگر آپ کے پاس رقم ہے تو آئیں اور پی آئی اے کو خرید لیں ، تاہم دانیال عزیز نے پی آئی اے کی مالیت کے بارے میں کوئی بات نہیں کی کہ یہ ادارہ کتنے ارب روپے میں فروخت کیا جائےگا۔
اس ضمن میں ایکسپریس ٹریبیون نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس سے دانیال عزیز کے بیان کی تصدیق ہوتی ہے کہ اتحاد ایئرویز اور امارات ایئر لائنز نے پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کردی ہے۔