فارن فنڈنگ کیس،ن لیگ الیکشن کمیشن میں جواب جمع نہ کرا سکی،سماعت 22 جنوری تک ملتوی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)غیر ملکی فنڈنگ کیس میں ن لیگ الیکشن کمیشن میں جواب جمع نہ کر اسکی،چیف الیکشن کمشنر نے ن لیگ کے وکیل کو جواب جمع کرانے کی دوبارہ ہدایت کرتے ہوئے سماعت 22 جنوری تک ملتوی کر دی جبکہ پیپلزپارٹی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کمیشن میں پیش نہ ہوسکے ،جس پر سماعت میں کچھ دیر کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر سردار رضا حیات کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے سماعت کی، تحریک انصاف کی جانب سے فرخ حبیب اور وکیل فیصل چودھری پیش ہوئے۔
دوران سماعت ن لیگ کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ ہمارا جواب تیار ہے، آئندہ سماعت پر جمع کرا دیں گے،اس پر چیف الیکشن کمشنر نے 20 جنوری تک پی ٹی آئی کو جواب کی کاپی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 22 جنوری تک ملتوی کردی۔
پیپلزپارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ کمیشن میں پیش نہ ہوسکے ،درخواست کی سماعت لطیف کھوسہ کے آنے پر ہو گی،الیکشن کمیشن نے سماعت کچھ دیر کیلئے ملتوی کردی۔