شاہ محمود کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ میں عمران خان جاوید ہاشمی میں ٹاکرا، چیئرمین تقریب ادھوری چھوڑ کر چلے گئے
ملتان(آئی این پی/ اے پی پی)شاہ محمودقریشی کے صاحبزادے کے دعوت ولیمہ میں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کا آمنا سامنا ہوگیا،عمران خان تقریب ادھوری چھوڑ کر پنڈال سے روانہ ہوگئے ،کھانا بھی نہیں کھایا ۔
خبررساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہ محمودقریشی کے صاحبزادے زین قریشی کے دعوت ولیمہ میں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی سمیت سیاسی شخصیات نے کثیرتعداد میں شرکت کی،ایک موقع پر چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کا آمنا سامنا ہوگیا جس پر عمران خان تقریب ادھوری چھوڑ کر پنڈال سے روانہ ہوگئے،عمران خان نے کھانابھی نہیں کھایا،ملتان میں جہانگیرترین کی رہائش گاہ پر کھانا کھایا۔
قبل ازیں عمران خان اور جہانگیر ترین علیم خان کے ہمراہ خصوصی طیارے سے اسلام آباد سے ملتان اڑھائی بجے پہنچے ائیر پورٹ پر ایم این اے ملک عامر ڈوگر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ان کا استقبال کیا اور انہیں بھاری سیکیورٹی میں پنڈال میں لایا گیا جیسے ہی عمران خان پنڈال میںپہنچے تو شرکاءنے ان کا شاندار استقبال کیا اور ان کے نعرے لگائے اس موقع پر نوجوانوں کی بڑی تعداد نے عمران خان کے ساتھ سیلفیاں بنانے اور ہاتھ ملانے کی کوشش کی جس کی وجہ سے دھکم پیل ہو تی رہی۔