اسلام آباد ہائیکورٹ ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کیخلاف فرد جرم میں ترمیم کی نیب کی درخواست واپس لینے پر خارج
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازاور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف لندن فلیٹس ریفرنس میں نیب کی جانب سے درخواست واپس لینے پر خارج کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف فرد جرم میں ترمیم کی درخواست جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کی دفعات حذف کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد کیلبری فونٹ کی جعلی دستاویز سے متعلق سیکشن 3 اے کو فرد جرم سے نکال دیا گیا تھا،تاہم نیب کی جانب سے سیکشن 3 اے نکالنے کا احتساب عدالت کا حکم چیلنج کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ سیکشن 3 اے نکال کر غیر قانونی حکم دیا گیا۔ نیب نے اپنی درخواست میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے خلاف سیکشن 3 اے کو فرد جرم میں شامل کرنے کی استدعاکی تھی۔
جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس گل حسن اورنگزیب پر مشتمل اسلام آبادہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے نیب کی درخواست کی سماعت کی، درخواست میں نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لندن فلیٹس کیس میں ضمنی ریفرنس دائرکررہے ہیں،اس لئے فرد جرم میں تبدیلی کے حوالے سے اپنی درخواست واپس لیتے ہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کی درخواست واپس لینے کی استدعا منظورکرتے ہوئے خارج کردی۔