سعودی عرب میں اونٹوں کی ریس، ایک اونٹنی اچانک بھاگتے بھاگتے ریس چھوڑ کر قریب کھڑی گاڑی کے پاس پہنچ گئی، ایسا کیوں کیا؟ جان کر ہر انسان اس جذبے کی تعریف کرنے پر مجبور ہوجائے

سعودی عرب میں اونٹوں کی ریس، ایک اونٹنی اچانک بھاگتے بھاگتے ریس چھوڑ کر قریب ...
سعودی عرب میں اونٹوں کی ریس، ایک اونٹنی اچانک بھاگتے بھاگتے ریس چھوڑ کر قریب کھڑی گاڑی کے پاس پہنچ گئی، ایسا کیوں کیا؟ جان کر ہر انسان اس جذبے کی تعریف کرنے پر مجبور ہوجائے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جدہ(مانیٹرنگ ڈیسک)شاید کسی انسان کے لئے تو یہ ممکن نہیں کہ فتح سے عین پہلے کسی مقابلے کو چھوڑ کر اپنے بچے سے پیار کرنے لگے لیکن سعودی عرب میں اونٹوں کی ریس کے دوران ایک اونٹنی نے محبت کا یہ حیرت انگیز مظاہرہ کر دکھایا۔
عرب نیوز کے مطابق اونٹوں کی ریس کے دوران 104 نمبر اونٹنی سب سے آگے تھی لیکن یہ دیکھ کر سب حیران رہ گئے کہ اچانک وہ ریس چھوڑ کر ایک طرف کھڑے پک اپ ٹرک کے پاس جا پہنچی۔ اگلے ہی لمحے سب نے دیکھا کہ وہ ایک ننھے اونٹ کو پیار کر رہی تھی جو گاڑی سے سر باہر نکالے اس کا منتظر تھا۔ بعد میں پتا چلا کہ یہ اس اونٹنی کا بچہ تھا جو چند دن پہلے ہی پیدا ہوا تھا۔
کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول کی رسیونگ و ڈلیوری کمیٹی کے چیئرمین عبدالعزیز القحبانی نے بتایا کہ یہ اونٹنی مقابلے کے لئے آئی تو اس کے مالک صالح محمد نے اس کے بچے کو بھی ساتھ بھجوا دیا کیونکہ وہ اتنے چھوٹے بچے کو ماں سے دور نہیں رکھنا چاہتے تھے۔ بچے کو حفاظت کے نقطہ نظر سے ایک پک اپ ٹرک میں رکھا گیا تھا جو ریس کی جگہ سے کچھ فاصلے پر کھڑا تھا۔ ریس اپنے عروج پر تھی کہ سب سے آگے دوڑنے والی اونٹنی نے اچانک اپنا رخ موڑ لیا اور پک اپ ٹرک کے پاس جا پہنچی۔ وہ ریس سے بے خبر ہو کر اپنے بچے کو پیار کر رہی تھی اور ہر کوئی اس منظر کو دیکھ کر حیران ہو رہا تھا۔ شائقین کا کہنا تھا کہ اونٹ ریس تو بہت بار دیکھی تھی لیکن ایسا انوکھا منظر پہلی بار دیکھا ہے۔