دنیا کا مہنگا ترین شہر، جہاں یہ ایک انگور 1300 روپے کا ملتا ہے، کون سا شہر ہے؟ جواب آپ کے تمام اندازے غلط ثابت کردے گا
ٹوکیو(نیوز ڈیسک)ایک انگور کی قیمت 1300 روپے؟ شاید آپ کہیں گے کہ مریخ پر جا کر کسی کا انگور کھانے کی جی چاہے تو اتنی قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔ نہیں جناب، بس جاپان کے دارلحکومت ٹوکیو تک جائیے اور آپ کو پتا چل جائے گا کہ مہنگائی کس شے کا نام ہے۔
ٹوکیو کی ہوش ربا مہنگائی کا یہ احوال ایک فیس بک صارف نے حال ہی میں پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں بیان کیا ہے۔ اس ویڈیو میں یہ نوجوان ٹوکیو کے کسی ہوٹل کے باہر اپنے دوستوں کے ساتھ کھلے آسمان تلے پڑا نظر آتا ہے۔ اس کا یہ حال کیوں ہے، اس کی تفصیل وہ کچھ یوں بیان کرتا ہے:
”دیکھئے ہم سب باہر کھلے آسمان تلے سورہے ہیں۔ اس کا مقصد آپ کو کچھ بتانا ہے، اور وہ یہ کہ ٹوکیو بہت مہنگا شہر ہے۔ یہاں آپ ریل کا سفر کرنا چاہیں تو آپ کے پاس 30ڈالر (تقریباً 3300 پاکستانی روپے) ہونا چاہئیں، اور اگر آپ ٹیکسی لینا چاہتے ہیں تو پھر تو آپ کو سینکڑوں ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔ یہاں رات کو ریل سروس بند ہوتی ہے تو لہٰذا اگر آپ رات کے وقت سفر کرنا چاہیں تو ٹیکسی تو لینا پڑے گی۔
اور یہاں ایک ناشپاتی آپ کو 8 ڈالر (تقریباً 900 روپے) میں پڑسکتی ہے، جبکہ انگوروں کا ایک درمیانہ پیکٹ 250ڈالر میں ملتا ہے۔ کیا آپ یقین کریں گے کہ تین انگوروں کا یہ پیکٹ 36ڈالر کا ہے، یعنی ایک انگور 12 ڈالر (تقریباً 1300 پاکستانی روپے) کا۔ اور دیکھئے ان کا ذائقہ بھی اچھا نہیں ہے۔
ہوٹل میں ایک کمرہ لینا چاہیں تو کم از کم 150ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔ چونکہ ہم پہلے ہی 12 ڈالر کا انگور کھاچکے ہیں تو اب کرائے پر کمرہ لینے کی سکت نہیں۔ بس تو ہم نے فیصلہ کیا کہ باہر کھلے آسمان تلے ہی سوتے ہیں۔ رات گزارنے کے لئے 700ڈالر خرچ کرنے کی بجائے ہم نے یہ کام مفت میں کرنے کا سوچاہے۔ اور دیکھئے یہاں ہوٹل کے باہر نظارہ بھی کتنا اچھا ہے۔“