ٹرمپ کی جانب سے امداد کی بندش کے بعد بل گیٹس پاکستان کے لئے میدان میں آگئے، پاکستانیوں کے لئے سب سے بڑا اعلان کردیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی سکیورٹی امداد پر پابندی کے منحوس اقدام کو ابھی چند دن ہی گزرے تھے کہ ارب پتی امریکی شخصیت بل گیٹس نے پاکستان کو اچھی خبر سنا دی ہے۔ ویب سائٹ Dawn.comکے مطابق بل گیٹس نے وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ کو بھیجے گئے ایک خط میں پولیو کے خاتمے کے لئے حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے صحت کے شعبے کے لئے امداد بڑھانے کا عندیہ دے دیا ہے۔ انہوں نے صحت کے شعبے میں کی جانے والی اختراعات، خصوصاً ماں اور بچے کی صحت اور تولیدی صحت کے میدان میں کی جانے والی بہترین کاوشوں کا بھی تذکرہ کیا۔
ادارہ صحت کے ایک افسر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بل گیٹس کی جانب سے ناصرف پولیو کے خاتمے کے لئے بلکہ دیگر شعبوں میں بھی پاکستان کی امداد میں اضافہ متوقع ہے۔ مختلف شعبوں میں امداد کو حتمی شکل دینے کے لئے بل گیٹس کی ٹیکنیکل ٹیم کی وزارت کے سٹاف کے ساتھ میٹنگ متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق بل گیٹس کی فاﺅنڈیشن اب تک پاکستان کو 72 ارب روپے کی امداد دے چکی ہے اور توقع ہے کہ مستقبل میں اس امداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ بل گیٹس ملنڈا گیٹس فاﺅنڈیشن ویکسینیشن مہموں، روٹین امیونائزیشن، آگاہی مہموں وغیرہ کے لئے ٹیکنیکل و مالی ذرائع مہیا کرتی ہے۔ ماضی میں اس امداد کا زیادہ تر رخ پولیو کے خاتمے کی جانب رہا ہے لیکن حالیہ پیشرفت ظاہر کرتی ہے کہ صحت کے دوسرے شعبوں کے لئے بھی امداد دی جائے گی۔