لاہور ہائی کورٹ میں کیفے ٹیریا کا افتتاح ، چیف جسٹس نے لائن میں لگ کے آرڈر کیا ،ججوں نے کاﺅنٹر پر جا کر کھانا لیا

لاہور ہائی کورٹ میں کیفے ٹیریا کا افتتاح ، چیف جسٹس نے لائن میں لگ کے آرڈر کیا ...
لاہور ہائی کورٹ میں کیفے ٹیریا کا افتتاح ، چیف جسٹس نے لائن میں لگ کے آرڈر کیا ،ججوں نے کاﺅنٹر پر جا کر کھانا لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے ہائی کورٹ کیفے ٹیریا کے افتتاح کردیا۔

اس موقع پرہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس محمد یاور علی اور دیگر فاضل جج صاحبان ،رجسٹرار سید خورشید انور رضوی اور افسران و ملازمین کی بڑی تعدادموجود تھی۔ چیف جسٹس نے لائن میں لگ کے کھانا آرڈر کیا اور فاضل ججوں نے کاﺅنٹر پر جا کر اپنی اپنی ٹرے میں کھانا لیا، چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ تمام ججز اور افسران اسی طرح کیفے ٹیریا میں کھانا کھائیں گے، کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق مارکیٹ سے کم قیمت پر کھانا دستیاب ہوگا، انہوں نے سٹیٹ آف دی آرٹ کیفے ٹیریا بنانے پر متعلقہ افسران کو مبارکباد بھی دیتے ہوئے کہا کہ سٹاف کی جسمانی و ذہنی صحت کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے، تندرست اور توانا سٹاف ہی اداروں کی بہتری میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کیفے ٹیریا کو مزید کشادہ کیا جائے گا، افسران و ملازمین اپنی بریک کا وقت یہاں گزاریں اور اسے مزید بہتر بنانے کےلئے تجاویز دیں تاہم کام کے اوقات میں یہاں بیٹھنے سے اجتناب کریں، کیفے ٹیریا میں ٹیبل ٹینس کھیلنے کی بھی سہولت موجود ہے۔ آج افتتاح کے موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے افسران و ملازمین کی بڑی تعداد نے کیفے ٹیریا آ کر کھانا کھایا، کیفے ٹیریا میں صرف لاہور ہائی کورٹ کے جج صاحبان، افسران و ملازمین کھانا کھا سکتے ہیں۔