ایسی بے ضابطگی پکڑ ی گئی کہ ڈرگ ٹربیونل نے ڈی آر اے کے سربراہ ، ڈرگ کنٹرولر اور کوالٹی کنٹرول بورڈ کے تما م سیکرٹری طلب کرلئے
لاہور(نامہ نگار)ڈرگ ٹربیونل نے ادویات کے کیس میں جعلی ادویات بنانے والے ملزمان کو گرفتار کرنے کی بجائے فروخت کرنے والے ملزمان کو پکڑ کر کارروائی مکمل کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے چیف اگزیکٹو پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ،ڈرگ کنٹرولر اور تمام کوالٹی کنٹرول بورڈ کے سیکرٹریز کو طلب کرلیاہے۔
ڈرگ ٹربیونل نے نشہ اور اور جعلی ادویات فروخت کرنے کے ایک کیس میں آصف ملنگی نامی مجرم کو 2سال کی سزا سنا تے ہوئے جیل بھجوادیا ہے اور قرار دیا کہ محکمہ ہیلتھ کے تفتیشی افسران کی تربیت کی ضرورت ہے بعض تفتیشی افیسروں قانون سے آگاہی نہیں رکھتے جس کی وجہ سے وہ اصل ملزم تک نہیں پہنچتے اور تفتیش کو مزید آگے بڑھانے کی بجائے عام آدمی کو قربانی کا بکرا بنا دیا جاتا ہے اور کارروائی کو وہی روک دیتے ہیں، حالانکہ جعلی ادویات بنانے والے اصل ملزم کوعدالت کے کٹہرے تک لانا ضروری ہے۔عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ چیف ایگزیکٹو پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی،ڈرگ کنٹرولہ اور تمام کوالٹی کنٹرول بورڈ کے سیکرٹریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ عدالت میں پیش ہوں اور بتائیں کہ ڈرگ انسپکٹروں کی تربیت کیسے کرائی جا رہی ہے؟