حکومت حج اخراجات میں اضافے سے باز رہے ، حافظ نعیم الرحمن

حکومت حج اخراجات میں اضافے سے باز رہے ، حافظ نعیم الرحمن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے نئی حج پالیسی کے اعلان میں مسلسل تاخیر اورحج اخراجات میں ایک لاکھ 20ہزارروپے اضافے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت حج اخراجات میں اضافے سے باز رہے اور حاجیوں پر اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے مقدس فریضہ ادا کر نے والوں کو سبسڈی فراہم کرے اور فوری طور پر حج پالیسی کا واضح اعلان کرے تاکہ حج کا ارادہ رکھنے والے ہزاروں افراد کے اندر پائی جانے والی تشویش اور بے چینی دور ہو سکے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نئی حکومت کے آتے ہی مختلف چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہی دیکھنے میں آیا ہے اور عوام کو کسی شعبے میں بھی حقیقی معنوں میں ریلیف نہیں مل سکا ہے ۔ گزشتہ سال سرکاری حج اسکیم کے تحت تقریباً 2لاکھ 70ہزار روپے میں عازمین حج نے یہ فریضہ ادا کیا تھا لیکن اس سال یہ اخراجات 4لاکھ ر20ہزاروپے تک پہنچنے کا خدشہ ہے اب حکومت کے ایسے اقدامات اور فیصلوں کے نتیجے میں مذہبی فرض کی ادائیگی میں بھی مشکلات اور پریشانیاں پیدا ہو رہی ہیں ۔ جن افراد نے حج کی ادائیگی کے لیے ایک مخصوص بجٹ رکھ کر مقدس فریضے کا ارادہ کیا تھا اب ان کو پریشانی لاحق ہے کہ وہ اضافی اخراجات کا انتظام کیسے کریں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں بھی مسلمانوں کو حج کی ادائیگی کے لیے سہولیات دی جاتی ہیں اور حکومت کی جانب سے سبسڈی فراہم کی جاتی ہے لیکن افسوس کہ ہمارے ملک میں اس فرض کو مشکل بنایا جا رہا ہے جسے کسی طورپر بھی حکومت کا درست فیصلہ قرار نہیں دیا جا سکتا ۔ حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہیئے اور عازمین حج کے لیے واضح طور پر سبسڈی کا اعلان کر نا چاہیئے ۔