’’پاکستان چولہا منصوبے کو ہیبیٹاٹ ایوارڈ ملنے کی خوشی میں تقریب
کراچی(پ ر) پاکستان چولہا منصوبے کوجو ایچ ایف/ ایس سی ہولیسٹک گرین شیلٹرز منصوبے کا اہم حصہ ہے، معتبر ترین عالمی ہیبیٹاٹ ایوارڈ 2018 ملنے کی خوشی میں مکلی کے ٹیلوں پر شاندار تقریب منعقد کی گئی۔ماضی میں گداگری کے پیشے سے وابستہ مکلی گوٹھ کی برادری اور میر پور خاص کی خواتین کو جو پاکستان چولہا منصوبے کو پیدل لے کر چلیں اور سندھ کے150 دیہاتوں میں پھیلاتے ہوئے اسے شہرت دلائی تقریب میں خاص طور پر مدوع کیا گیا ۔ان خواتین کو کراچی، حیدرآباد اور ٹھٹہ کے میڈیا کی موجودگی میں اسناد سے نوازا گیا۔تلاوت کلام پاک کے بعد ٹرسٹی ہیریٹیج فاونڈیشن شہناز رمزی کے خطبہ استقبالیہ سے شروع ہواجس کے بعد انھوں نے عالمی شہرت یافتہ ماہر تعمیرات اور ہیریٹیج فاونڈیشن کی سی ای او یاسمین لاری کا تمام مہمانوں کی موجودگی میں استقبال کیا۔یاسمین لاری نے اپنے ادارے کا مختصر پس منظر بیان کیا اور ایوارڈ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اس کے بعد میر پور خاص سے تعلق رکھنے والی چمپا کو سند پیش کی گئی جو چولہا منصوبے کی پہلی پیدل کارکن اور اولین ٹرینر رہی ہیں۔ اسپرچوئل کارڈز جنوبی افریقہ کی سی ای او صفیہ موسیٰ اور کوزہ گری کی آسٹریلوی ماہر مس لیزا اسکیلرن نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔اسی طرح ڈی سی ٹھٹہ ایم نواز سوہو او رکمشنر حیدرآباد اہم عباس بلوچ نے تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کیا۔چولہا منصوبے کو ایوارڈ ملنے کے بعد اس سے وابستہ پاپیادہ خواتین کارکنوں اور گاوں کے لوگوں کے چہروں پر فخر اورتسّلی کا ناقابل بیان احساس نمایاں تھا۔ظہرانے کے دوران بھی جس کا ان کے لئے خاص انتظام کیا گیا تھا یہ خواتین ایک دوسرے سے اس کامیابی پر فخریہ انداز میں گفتگو کرتی اور ایک دوسرے کے مبارک باد دیتی نظر آئیں۔خصوصاً اس منصوبے کی مقامی پیدل ٹرینرز کا اعتماد دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا جن کے سکھائے ہوئے کام کو نا صرف اتنی پزیرائی ملی بلکہ نتیجہ بھی جلد سامنے آگیا۔ہیریٹیج فاونڈیشن آف پاکستان کی زیر نگرانی چولہا منصوبہ نا صرف خواتین کو بااختیار بنا رہا ہے اور اُن کی زندگیوں کو تبدیل کررہا ہے بلکہ پسماندگی کا شکار طبقوں کو یہ بھی سکھا رہا ہے کہ کس طرح مٹی کی مدد سے ایک صحت بخش، پائیدار اور دھواں نا پیدا کرنے والے چولہا بنایا جائے جو ناصرف ان کے اپنے گھر کے لئے فائدہ مند ہو بلکہ دیگر گاوں دیہاتوں میں اس کی تشہیر اور پھر تعمیر کے زریعے روزگار بھی کمایا جاسکے۔یہ پروگرام ہیریٹیج فاونڈیشن آف پاکستان کی جانب سے چلایا جارہا ہے۔