شیخ رشید کی ترک کمپنیوں کو ریلوے میں کام کی پیشکش
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور ترکی برادر اسلامی مملک ہیں جن کے تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں، ترکی ریلوے کے لیے پاکستان ریلوے کے تمام منصوبے اوپن ہیں، وہ آئیں اور ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔ وہ گزشتہ روز ترک سٹیٹ یلوے کمپنیوں تلماس اور ریمیساس کے آٹھ رکنی وفد سے گفتگو کررہے تھے۔
دونوں کمپنیوں کا وفد وزارت ریلوے پہنچا تھا، ترک کمپنیوں نے پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری اور ریل آپریشنز میں شراکت داری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی زیر صدارت اجلاس میں ترکی وفد کو بریفنگ دی۔ ترک کمپنیوں کی طرف سے شیخ رشید احمد کو ترکی دورے اور ترک ریل دیکھنے کی دعوت بھی دی گئی۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا رسالپور لوکوموٹو اور ریلوے کیرج فیکٹریزمیں ترکی مہارت سے خصوصی طور پر استفادہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے ذریعے پورے ریجن کو ملایا جاسکتا ہے جس سے معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی شراکت داری سے اپنے ریلوے نیٹ ورک کو ترقی دے رہا ہے۔