ایرانی صدر نے یوکرینی طیارے کے میزائل سے تباہ ہونے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی عدالت قائم کرنے کا اعلان کردیا
تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن )ایران نے یوکرینی طیارے کی تباہی کی تحقیقات کے لیے خصوصی عدالت قائم کرنے کا اعلان کردیا ۔ایرانی صدر حسن روحانی نے یوکرینی طیارے کے میزائل سے تباہ ہونے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی عدالت قائم کرنے کا اعلان کردیا۔تہران میں تقریب سے خطاب میں ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ یوکرینی طیارے کا حادثہ ایک ناقابل معافی غلطی ہے۔انہوں نے کہاکہ طیارے کی میزائل سے تباہی پر اعلیٰ سطح کے جج اور ماہرین پر مشتمل خصوصی عدالت بنائی جائے گی جو اس واقعے کی مکمل تحقیقات کریں گے۔حسن روحانی نے کہا کہ یہ معمولی کیس نہیں ہے بلکہ ساری دنیا خصوصی عدالت کو دیکھے گی، واقعے میں ملوث تمام ذمہ دار افراد کو سزائیں دی جائیں گی۔
یاد رہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد ایران امریکا کشیدگی کے دوران 8 جنوری کو یوکرین کا مسافر طیارہ ایران میں گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہوئے۔ ایران نے کئی مرتبہ طیارے کو نشانہ بنائے جانے کے بیانات کی تردید کی۔لیکن حادثے کے تین روز بعد ایران نے طیارے کو غلطی سے میزائل سے نشانہ بنانے کا اعتراف کرلیا۔