موسمیاتی تبدیلیاں، برف باری اور بارش!

موسمیاتی تبدیلیاں، برف باری اور بارش!

  



موسم نے پوری دنیا میں تبدیلی والی انگڑائی لی اور اب اس سے پاکستان بھی متاثر ہوا جبکہ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب اور دوبئی تک میں سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی ہے پاکستان میں تو برف باری اور برسات کے کئی ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں اس سلسلے میں شمالی علاقے تو اوسط سے زیادہ برف باری برداشت کر رہے ہیں، تاہم بلوچستان میں بارشوں نے بھی بہت متاثر کیا اور موسم برسات کی طرح اس سیزن میں بھی بارشوں کے باعث سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ ریکارڈ برف باری کے باعث زمینی راستے منقطع ہوئے تو بچوں سمیت دس افراد بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے دنیا کے سائنسدان ماحولیاتی آلودگی کا حوالہ دیتے ہیں اور ان کی تحقیق ہے کہ اوزان کی تہہ میں سوراخ ہونے ے درجہ حرارت بڑھا ہے تو دنیا بھر کے موسم بھی تبدیل ہوئے ہیں، جس کے باعث امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا اور دوسرے ممالک بھی طوفانوں، سیلابوں اور برف باری سے متاثر ہیں، یہ موسمیاتی تبدیلیاں غیر معمولی ہیں، تاہم ہمارے دین دار طبقے اس کیفیت کو انسانی غفلت ہی میں شمار کرتے اور ان کا کہنا ہے کہ انسان خود اپنے ہاتھوں سے تباہی کا سامان پیدا کر رہا ہے تو اللہ سے روگردانی اور احکامات سے غفلت بھی اسی کا سبب ہے پوری دنیا میں انسانی عظمت اور حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے مفاد پرستی بڑھ گئی ہے اور یوں یہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث ہے۔ تب بھی نشانیاں ہیں جن کا قرآن میں بھی ذکر ہے اس لئے انسان خصوصاً مسلمان کو قران میں غور کرنا ہو گا اور اپنی اصلاح کرنا پڑے گی ورنہ یہ سب بڑے عذاب کی شکل بھی اختیار کر سکتا ہے۔ اب بہرحال یہ سب تکلیف دہ ہے لیکن اس بات کو نہ بھولیں کہ شمالی علاقوں اور بلوچستان کے وسیع رقبے پر برف باری ڈیموں میں پانی جمع کرنے کا ذریعہ بھی بنے گی اور میدانی علاقوں میں گندم کی فصل کے لئے مفید ثابت ہوگی، یہی صورت پہاڑی علاقوں کے پھل والے درختوں کی ہو گی کہ برف پگھلنے کے بعد یہ زیادہ زرخیز ہوں گے۔ اس لئے انسانوں کو توجہ کرنا اور اللہ سے دعا کرنا چاہیے کہ وہ اس مخلوق پر رحم کرے اور معاف فرما دے۔

مزید : رائے /اداریہ