ٹو کیو اولمپکس میں شرکت کیلئے، شاہ حسین کو 3عالمی ایونٹس میں بھیجنے کا فیصلہ 

ٹو کیو اولمپکس میں شرکت کیلئے، شاہ حسین کو 3عالمی ایونٹس میں بھیجنے کا فیصلہ 

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان جوڈو فیڈریشن نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں سال ٹوکیو میں ہونے والی اولمپکس گیمز کیلئے قومی کھلاڑی شاہ حسین شاہ کوالیفائی کریں گے، اولمپکس گیمز کیلئے ملک بھر میں کوالیفیکیشن راؤنڈ جاری ہیں، فیڈریشن نے شاہ حسین شاہ کو آئندہ ماہ تین بین الاقوامی ایونٹس میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل کو ’گفتگو کرتے ہوئے پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور ڈائریکٹر میڈیا مسعود احمد خان نے بتایا کہ شاہ حسین شاہ عالمی رینکنگ میں 42 ویں نمبر پر موجود ہے، ان کا اگست میں ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس گیمز کیلئے 20 سے 25  ویں نمبر پر عالمی رینکنگ پر آنا ضروری ہے جس کیلئے فیڈریشن نے شاہ حسین شاہ کو فروری میں تین بین الاقوامی ایونٹس میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہ حسین شاہ آئندہ ماہ 7 سے 10 فروری تک یورپ میں گرینڈ سلام، 15 سے 19 فروری تک یورپی اوپن اور 22 سے 26 فروری تک جرمنی میں ہونے والے گرینڈ سلام میں شرکت کریں گے۔  انہوں نے کہا کہ شاہ حسین شاہ ان مقابلوں کی تیاری کیلئے جاپان میں بھرپور تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ فیڈریشن نے امید ظاہر کی کہ شاہ حسین شاہ ان بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے عالمی رینکنگ میں 30ویں پوزیشن پر آ جائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ اولمپک گیمز کیلئے کوالیفیکیشن مقابلے مئی تک جاری رہیں گے جس کیلئے فیڈریشن نے مارچ اور اپریل ترکی اور روس میں بھی ہونے والے گرینڈ سلام میں شاہ حسین شاہ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری آ جائے۔ 

مزید : کھیل اور کھلاڑی