مچھلی کی افزائش نظام میں بہتری سے پیداوار بڑھ سکتی ہے،ماہرین 

  مچھلی کی افزائش نظام میں بہتری سے پیداوار بڑھ سکتی ہے،ماہرین 

  



فیصل آباد (اے پی پی):فشریز ڈیپارٹمنٹ کے ماہرین ماہی پروری نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ معیار کی حامل مچھلی کی مختلف اقسام بشمول سنگھاڑی،رہو، سول، بام،ترکنڈا،ٹراؤٹ، ڈمرہ، ملی وغیرہ پائی جاتی ہیں جن کی افزائش کے نظام میں بہتری لا کر ان کی پیداوار میں بھی اضافہ کیاجاسکتاہے جبکہ کرہ ارض پر مچھلی ایک صحت منداورانسان کیلئے مفید خوراک ہے لیکن اس کی پاکستان میں مارکیٹنگ سب سے بڑا مسئلہ ہے۔اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایاکہ مچھلی کی پرورش اور تجارت میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں حکومت مؤثرپالیسی تشکیل دے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹھنڈے اور سمندری پانی کی مچھلیوں کی تجارت اور اس میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کیاجاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بہتر معیار کی مچھلی کی قیمت انتہائی زیادہ ہے اسلئے لوگ سستی مچھلی کی خرید کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ پاکستان میں فارمی مچھلی بھی وافر مقدار میں دستیاب ہے لیکن اس کا ذائقہ اور معیار دریائی مچھلی کے برابر نہ ہے اسلئے لوگ دریاکی مچھلی کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر پاکستان کے دریاؤں میں مچھلی کی افزائش بہتر بنانے کیلئے نئی ہیچریاں قائم کر دی جائیں تو ملکی ضرورت پوری کرنے کے علاوہ اضافی مچھلی برآمد بھی کی جاسکتی ہے۔ 

مزید : کامرس