خلیل الرحمن قمر کی معذرت کے بعد صباء حمید فلم میں کام کو تیار
لاہور(فلم رپورٹر)ملک کے مقبول رائٹر و ڈائریکٹر خلیل الرحمٰن قمر کی معذرت کے بعد اداکارہ صبا حمید ہمایوں سعید کی فلم ”لندن نہیں جاؤں گا“ میں کام کرنے کے لئے تیار ہوگئی ہیں۔خلیل الرحمٰن قمر نے اپنی فلم ’کاف کنگنا‘ کی پرموشن کے دوران محمود اسلم،عروہ حسین اور صبا حمید کو ان کے نان پروفیشنل رویئے کی وجہ سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر تمام فنکار ناراض تھے تاہم اب خلیل الرحمٰن قمر کی طرف سے ایک ویب انٹرویو کے دوران معافی مانگنے کے بعد صبا حمید فلم میں کام کے لئے راضی ہوگئی ہیں۔ خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ صبا حمید میری بہن بھی ہے، بھابھی اور سہیلی بھی،صبا تمہیں پتہ ہے کہ ان دنوں مجھے غصہ آیا ہوا تھا، تو چل میری جان مجھے معاف کردو، میں قطعی نہیں چاہتا تھا کہ آپ کا دل دکھی ہو۔اس کے ساتھ ساتھ معروف رائٹر نے محمود اسلم اور عروہ حسین سے بھی معذرت کرلی۔خلیل الرحمٰن قمر نے اپنے بارے میں غلط باتیں کرنے پر عفت عمر کو معاف کرتے ہوئے کہا کہ میں اسے ہمیشہ اپنی بہن سمجھتا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں غصے کی حالت میں صبا حمید اور محمود اسلم کے کام پر بات نہیں کی کیونکہ دونوں ونڈرفل اداکار ہیں۔میں کوشش کروں گا کہ آئندہ دھیمے لہجے میں بھی بات کروں۔خلیل الرحمٰن قمر نے مزید کہا کہ میں کبھی ندیم بیگ اور ہمایوں سعید بارے کبھی کہا نہیں ورنہ جتنا غصہ میں ان دونوں پر کرتا ہوں ان کو پھر سڑک پر ہی ماردینا چاہیئے۔دونوں کو مجھ سے بہت گالیاں پڑتی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن بے غیرتوں نے’کاف کنگنا‘ کا بیڑہ غرق کیا ہے ان کو معافی نہیں ملنے والی۔اتنی بڑی فلم کو اس طرح دھول چٹانا یہ ان کا ہی کام تھا جس میں وہ جیت گئے اور میں ہار گیا۔اس فلم کو باقاعدہ فلاپ کرایا گیا۔یاد رہے کہ ہمایوں سعید کی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کی کہانی بھی خلیل الرحمٰن قمر نے تحریر کی ہے جس کی شوٹنگ آئندہ ماہ شروع ہوگی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ صبا حمید کے ساتھ ساتھ سہیل احمد، ہمایوں سعید،مہوش حیات اور کبریٰ خان بھی فائنل ہوچکے ہیں۔