مادر وطن کے دفاع، قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، بھارتی فوجی قیادت کی دھمکیوں سے خطے کا امن متاثر ہو گا: جنرل باجو ہ
راولپنڈی(نیوزایجنسیاں)کورکمانڈرز کا نفرنس نے بھارتی فوجی قیادت کی جانب سے بار بار پاکستان کیخلاف اشتعال انگیز بیانات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انہیں غیر ذمہ دارانہ بیان بازی قراردیدیا اورکہاکہ دھمکیوں سے خطے کاامن واستحکام متاثر ہوگا۔آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کو جنرل باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 228ویں کورکمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں خطے ، قومی سلامتی،اندرونی سلامتی ،سرحد وں کے ساتھ، لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرزکانفرنس نے امریکہ ایران کشیدگی کے تناظر میں مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونیوالی صورتحال اور اسکے خطے کے امن واستحکام پر مضمرات کا بھی جائزہ لیا جبکہ کورکمانڈرز کانفرنس نے بھارتی فوجی قیادت کی جانب سے پاکستان کے خلاف باربار جارحیت کے اشتعال انگیز بیانات کا بھی سخت نوٹس لیا اور انہیں ایک غیر ذمہ دارانہ بیان بازی قراردیا جس کے خطے کے امن واستحکام پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کہاکہ امن واستحکام کیلئے کوششوں میں پاکستان کا کردارخطے کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ فعال ہے اور ہم اس سلسلے میں اپنا ذمہ دارانہ اور مثبت کرداراداکرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، کسی بھی قیمت پر مادروطن کے دفاع اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
جنرل باجوہ