وزیر اعلٰی عثما ن بزدار کا اورنج ٹرین آپریشنل کرنے کیلئے ضروری امور بلا تاخیر نمٹانے کا حکم

  وزیر اعلٰی عثما ن بزدار کا اورنج ٹرین آپریشنل کرنے کیلئے ضروری امور بلا ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے اورنج ٹرین آپریشنل کرنے کیلئے ضروری امور بلاتاخیر نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین کا کرایہ عام آدمی کی استطاعت کے مطابق ہو گا اور کرایہ طے کرنے کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ دے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے آپریشنل اینڈ مینٹینینس کنٹریکٹ کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس میں کیا۔اجلاس میں آپریشنل اینڈ مینٹینینس کنٹریکٹ کو محکمہ قانون بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا، محکمہ قانون کنٹریکٹ کا جائزہ لے کر حتمی رائے دے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کنٹریکٹ سے متعلقہ امور قواعد و ضوابط کے مطابق جلد طے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو عوام کیلئے جلد آپریشنل کر نا چاہتے ہیں لہٰذا ضروری امور کو بلاتاخیر نمٹایا جائے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آپریشنل اینڈ مینٹینینس کنٹریکٹ چین کی کمپنی نورینکو انٹرنیشنل نے سب سے کم بولی دے کر حاصل کیا ہے۔ منصوبے پر تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے اور ٹرین کے ٹیسٹ رن کامیابی سے چل رہے ہیں۔ ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک ٹرین کا 27.1 کلومیٹر سفر 45منٹ میں مکمل ہوگا اور ٹرین کے 27سیٹ پر تقریباً 2لاکھ 45ہزار مسافر روزانہ سفر کریں گے۔علاوہ ازیں ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بحث کیلئے سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جانا پاکستان تحریک انصاف حکومت کی خارجی محاذ پر بڑی کامیابی قراردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

سردار عثمان بزدرار/حکم

مزید : صفحہ اول